پشاور (جیوڈیسک) محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے پشاور میں پولیو انجکشن مہم 28 مارچ کے بجائے 4 اپریل کو شروع کر نے کا فیصلہ کیا ہے۔
محکمہ صحت حکام کے مطابق پشاور میں پولیو کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر 28 مارچ سے پولیو انجکشن مہم شروع ہونے کا شیڈول جاری کیاگیا تھا۔ تاہم تربیت یافتہ عملے کی کمی کے باعث مہم اب 4 اپریل کو شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مہم 8 روز تک جاری رہے گی ۔مہم کے دوران ڈیڑھ لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے بچاؤ کے ٹیکے لگائے جائیں گے ۔محکمہ صحت حکام کے مطابق شہر کے بعض یونین کونسلز پولیو کے حوالے سے اب بھی حساس ترین ہیں ۔
محکمہ صحت حکام کے مطابق مہم کے لیے تربیت یافتہ لوگوں کی کمی کے باعث مشکلات درپیش ہیں۔