کراچی (جیوڈیسک) کورنگی کراچی میں سپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے آپریشن کیا، ڈھائی کروڑ روپے تاوان کیلئے اغوا کیے سیمنٹ فیکٹری کے مالک کو بازیاب کرالیا، تین اغوا کار مارے گئے۔
کراچی میں سیکورٹی فورسز کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں ۔ کورنگی ابراہیم حیدری میں ایس آئی یو پولیس، سی پی ایل سی اور اے وی سی سی نے تین روز پہلے ڈیفنس سے اغوا ہونے والے تین مغویوں کی بازیابی کیلئے کارروائی کی۔
ملزموں نے پولیس کو دیکھتے ہی گولیاں برسانا شروع کردیں۔ جوابی فائرنگ میں تین اغوا کار قاسم، بلال اور عثمان مارے گئے۔ تینوں مغویوں کو بحفاظت بازیاب کرالیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزموں نے تین روز پہلے ڈیفنس کے علاقے سے سیمنٹ فیکٹری کے مالک فرحان، ان کی اہلیہ رفعت اور ان کی پانچ سالہ بیٹی اقرا کو اغوا کرکے ڈھائی کروڑ روپے تاوان طلب کیا تھا۔
اغوا کاروں کی کال ٹریس ہونے کے بعد ایس آئی یو پولیس، سی پی ایل سی اور اے وی سی سی نے کارروائی کی۔