کراچی : امیر جماعت اسلامی زون ناظم آباد سید وجیہہ حسن نے کہا ہے کہ 23 مارچ کا دن تحریک پاکستان اور مقاصد پاکستان کے شعور کو تازہ کرنے اور اپنی منزل کی طرف پیش قدمی کے عزم کو تازہ کرتا ہے۔ نوجوانوں میں نظریہ پاکستان کو اجاگر کرنا اہم ذمہ داری ہے، جو قومیں اپنی بنیاد سے ہٹ جائیں وہ فنا کے گھاٹ اتر جاتی ہیں، پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا اور نظریہ پاکستان ہی ہماری بقا کا ضامن ہے۔
نظریاتی کردار کے حامل افراد ہی پاکستان میں کرپشن سے نجات دلا سکتے ہیں، جب تک ملک کو اسی بنیاد کی طرف نہیں لوٹایا جاتا تب تک امن چین سلامتی ہمارا مقدر نہیں بن سکتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم پاکستان پر ناظم آباد نمبر 1 نزد عید گاہ گرائونڈ پر پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر مصباح اللہ قادر، جنرل سیکریٹری حزب المجاہدین کراچی، جنرل سیکریٹری ناظم آباد سہیل زیدی اور نوجوانوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ سید وجیہہ حسن نے مزید کہا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ لبرل اور سیکولر عناصر کی مغربیت، مادہ پرستی، ذاتی مفادات اور نفسا نفسی کی سیاست نے ملکی معیشت و معاشرے کو تباہ کردیا ہے۔
موجودہ دور میں کرپشن، اللہ سے بے وفائی، نفس پرستی اور دنیا طلبی، اللہ کی مخلوق سے دوری اور ان کے حقوق میں کوتاہی ہی ملکی بدحالی کا سبب ہے، پاکستان محض ایک ملک کا نہیں ایک نظریے، فکر و فلسفہ کا نام ہے، عوام نظریہ پاکستان اور ملک کے اسلامی تشخص کو مٹانے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے کیونکہ پاکستان کا ایک مقصد تھا اور ہے۔
یوم پاکستان کے دن ہم سب کو ایک بار پھر اپنے اس عزم کو دہرانا ہے کہ پاکستان کو اسلامی، خوشحال اور مدینہ منورہ کی طرز پر ایک اسلامی ریاست بنا کر بانی پاکستان قائداعظم کا خواب شرمندہ تعبیر کریں گے۔ یوم پاکستان دراصل تکمیل پاکستان کے عزم کو ایک بار پھر دہرانے کا دن ہے۔
آج پاکستان میں اسلام، قرآن، جہاد، ناموس رسالت کی بات کرنا جرم اور آئین کی خلاف ورزی، کرپشن، فحاشی و عریانی اور بے حیائی کی مکمل آزادی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم وطن کو علامہ اقبال اور قائداعظم کی امنگوں کے مطابق اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی جدوجہد کر رہے ہیں، قوم ہمارا ساتھ دے تو اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان کا خواب جلد شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے۔
سید انوار احمد سیکریٹر ی اطلاعات جماعت اسلامی، وسطی 0345-2385320