راولپنڈی + گجرات : کل پاکستان لبیک یارسول اللہ کانفرنس انشاء اللہ العزیز 27مارچ بروز اتوار صبح 9بجے لیاقت باغ راولپنڈی میں ہر صورت منعقد ہوگی، جس میں چاروں صوبوں اور کشمیر کے علاوہ بیرونی ممالک سے بڑی تعداد میں سنی علماء ومشائخ اور دیگر عاشقانِ رسول شرکت کریں گے۔
اِن خیالات کا اظہار تحریک لبیک یار سول اللہۖ کے قائدین حضرت پیر محمد افضل قادری، شیخ الحدیث خادم حسین رضوی، ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی، انجینئر ثروت اعجاز قادری، پیر سید ضیاء الحق شاہ، سید عنایت الحق شاہ، ڈاکٹر ظفر اقبال جلالی، علامہ فیروز الدین قادری، مولانا غفران سیالوی، صاحبزادہ محمد اجمل چشتی، اخلاق احمد جلالی، قاری محمداشفاق صابری ودیگر نے راولپنڈی پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تحریک لبیک یارسول اللہ کے رہنمائوں نے کہا کہ غازی ممتازحسین قادری رحمة اللہ علیہ کی نمازِ جنازہ کی طرح ختم چہلم کے موقع پر کل لبیک یا رسول اللہ کانفرنس بھی تاریخی ہو گی جس میں اسلامیان پاکستان کو شاندار لائحہ عمل دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم نظام مصطفیۖ کے اٹھ کھڑی ہو۔ اور ناموس رسالت، ختم نبوت اور تمام دینی اقدار پر دشمنان اسلام کی یلغار کو پوری قوت ایمانی کے ساتھ پسپا کردے۔
تحریک لبیک یا رسول اللہ کے قائدین نے بتایا کہ بیرونی ممالک سے سنی علماء ومشائخ کی آمد شروع ہو گئی ہے ۔ بلوچستان اور دور دراز کے علاقوں سے سائیکلوں پر بڑے بڑے قافلے راولپنڈی کی طرف رواں دواں ہیں اور کراچی سمیت ملک بھر سے کثیر تعداد میں ٹرینیں اورسینکڑوں بسیں راولپنڈی کے لئے روانہ ہوچکی ہیں۔ سینکڑوں رضا کاروں پر مشتمل درجنوں کمیٹیاں کانفرنس کے اعلیٰ اور مثالی انتظامات میں مصروف عمل ہیں راولپنڈی میں ہزاروں لوگ پہنچ چکے ہیں اور لاکھوں افراد پہنچ رہے ہیں۔