قصور (محمد عمران سلفی سے) سرائے مغل میں مبینہ پولیس مقابلہ میں دو ڈاکو ہلاک جبکہ پانچ فرار ہوگئے ،تفصیلات کے مطابق سرائے مغل کے علاقہ سے تین موٹر سائیکلوں پر سوار سات ڈاکوئوں نے شہری غلام عباس سے نقدی اور موٹر سائیکل چھینی اور روڈے روڈ کی طرف فرار ہوگئے،شہری نے فوری طور پر 15 پر پولیس کو اطلاع کر دی جس پر پولیس موقع پر پہنچ گئی،پولیس نے ڈاکوئوں کا پیچھا شروع کردیا،سرائے مغل کے علاقہ روڈے روڈ کے قریب ڈاکوئوں کا پولیس سے سامنا ہوگیاجس پر ڈاکوئوں نے پولیس پارٹی پر سیدھی فائرنگ شروع کردی،۔
پولیس اور ڈاکوئوں کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ ایک گھنٹے تک جاری رہاجب ڈاکوئوں کی جانب سے فائرنگ رکی تو پولیس کو ایک ڈاکوہلاک جبکہ دوسرا زخمی حالت میں پڑا ملا،پولیس نے زخمی ڈاکو کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا لیکن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ ہلاک ہوگیا،پولیس کوجائے وقوعہ سے چھینی گئی موٹر سائیکل ،کلاشنکوف اور ایک پستول ملا ہے،تاہم پولیس حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی گولیاں کانشانہ بن کرہلاک ہوئے ہیں ،ڈی پی او قصو ر علی ناصر رضوی کے مطابق مارے جانے والے ڈاکوئوں کی شناخت امانت علی عرف گھوڑا اور خادم عرف خادو کے نام سے ہوئی ہے،دونوں ڈاکو 31 سے زائد سنگین قسم کے مقدمات میں ملوث تھے،پولیس فرار ہونے والے ڈاکوئوں کی تلاش کررہی ہے۔