رحیم یار خان (جیوڈیسک) بلاول بھٹو زرداری نے جنوبی پنجاب کے عوام سے مل کر تخت لاہور کے خلاف بغاوت کا اعلان کر دیا۔
رحیم یار خان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ سارا پیسہ اورنج ٹرین پر لگایا جا رہا ہے ۔ میاں صاحب نے کسانوں سے اچھے مستقبل کا خواب چھین لیا ۔ پیپلز پارٹی کا جنوبی پنجاب میں بھرپور سیاسی قوت کا مظاہرہ ، رحیم یار خان کے علاقے جمال دین والی میں بڑا جلسہ ، بلاول بھٹو کا خطاب ، پنڈال میں پارٹی پرچموں اور بینرز کی بہار ، جیالے پرجوش ، بلاول بھٹو زرداری اپنے خطاب میں بار بار حکمرانوں کو للکارتے رہے اور کہا کہ میاں صاحب کو بھارتی کسانوں کی فکر ہے۔
وزیر اعظم پر قرضے معاف کرانے کا الزام بھی لگایا ۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے جنوبی پنجاب کی محرومیوں کا ذمہ دار تخت لاہور کو قرار دے کر بغاوت کا اعلان کر دیا۔ ان کا کہنا تھا سارا پیسہ اورنج ٹرین میٹرو پر لگایا جا رہا ہے ۔ تقریر کے دوران ساؤنڈ سسٹم خراب ہونے پر جیالوں نے احتجاج کیا۔
تو بلاول بھٹو نے کہا یہ نواز لیگ کی سازش ہو سکتی ہے ۔ انہوں نے کارکنوں سے معافی بھی مانگی ۔ بلاول بھٹو نے غریبوں کو اٹھ کھڑے ہونے کا مشورہ بھی دیا ۔ اس سے پہلے چیئرمین پیپلز پارٹی سخت سیکورٹی حصار میں جلسہ گاہ پہنچے اور سٹیج پر خیرمقدمی نعروں کا ہاتھ ہلا کر جواب دیتے رہے۔