ٹیکسلا (ڈاکٹر سید صابر علی) کشمیر پی ٹی آئی کے صدر سابق وزیر اعظم آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد خطہ کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے خواتین کو قومی دھارے میں شامل کیا جائے گا۔
خواتین آبادی کے نصف ہیں انہیں نظر انداز کر کے ترقی کی منازل حاصل نہیں کی جا سکتیں ۔ تعلیم یافتہ خواتین کو زندگی کے ہر شعبہ میں خدمت کے مواقع مہیا کئے جائیں گے ،پی ٹی آئی اقتدار میں آکر وفاق اور صوبوں کی طرز پر خواتین کو آزادکشمیر قانون سازاسمبلی میں33فیصد نمائندگی دے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں پی ٹی آئی آزادکشمیر کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات شازیہ کیانی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ تبدیلی پی ٹی آئی کامشن ہے اور معاشرے میں خواتین کے فعال سیاسی کردار کے بغیر تبدیلی ممکن نہیں ۔ حقیقی تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے خواتین اپنے حصہ کی ذمہ داریاں پوری کریں ۔ اور تحریک انصا ف کا پیغام گھر گھر پہنچائیں ۔انہوں نے کہا کہ آج بھی خواتین کو وہ مقام حاصل نہیں جس کی وہ حقدار ہیں۔ خواتین کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے، معاشرے میں برابری کے حقوق دینے اور قومی دھارے میں شامل کرنے کے لئے ایک جامع منصوبہ کی ضرورت ہے۔ خواتین کے حقوق کے نام پر بل تو منظور کرائے جا رہے ہیں لیکن ان پر اس طرح عمل درآمد نہیں ہو رہا ہے۔پی ٹی آئی انتخابی منشور میں خواتین کے لئے جامع پروگرام پیش کرے گی۔
خواتین کو معاشی ترقی کے قابل بنانے کیلئے قابل عمل ،بامقصد اور حقیقت پسندانہ روڈ میپ تیار کیا جائے گا جس پر عمل کر کے ہم ریاست کی تیز رفتارترقی کو یقینی بنا سکیں گے۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بہتر معاشرے کی تکمیل مختلف شعبوں میں کام کرنیو الے خواتین کے فعال کردار سے ہی ممکن ہے ۔انہوں نے کہاکہ مستقبل میں سہمی اور ڈری ہوئی نہیں بلکہ بہادر اور نڈر خواتین چاہئیں -انہوں نے شازیہ کیانی کی پی ٹی آئی شعبہ خواتین میں متحرک کردار کی تعریف بھی کی ۔اس موقع پر شازیہ کیانی نے کہا کہ تحریک انصاف لوگوں کے لئے امید کی کرن بن کر سامنے آئی ہے ۔عمران خان نے سیاست سے لاتعلق خواتین اور نوجوانوں کو متحرک کرکے معاشرے کے سیاسی شعور کوبلند کیا ہے۔آزادکشمیرمیں بھی تحریک انصاف نے تبدیلی کا پورا منصوبہ تیار کر رکھا ہے۔
انہوں نے صدر کشمیر پی ٹی آئی کو یقین دلایا کہ ان کی قیادت میں کشمیر کے فیصلے کشمیر میں ہوں کے سلوگن پر عمل کیا جائے گا اور اگر عوام نے تحریک انصاف کو خدمت کا موقع دیا تو آزادکشمیر کے عوام واضح تبدیلی محسوس کریں گے ۔ آزادکشمیر کی خواتین تحریک انصاف کی تبدیلی کارواں کا ہراول دستہ ہیں۔عوام اب روایتی سیاسی جماعتوں سے تنگ آکر تحریک انصاف کی طرف دیکھ رہے ہیں اور تحریک انصاف انہیں کسی طور پر مایوس نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو بھی انتخابات میں حصہ لینے اور ووٹ ڈالنے کے مساوی حق ملنا چاہیے۔ پی ٹی آئی شعبہ خواتین آمدہ الیکشن میں خواتین کو سیاست میں متحرک کرے گی تاکہ ان کے ووٹ ضائع نہ ہوں۔انہوں نے کہا بہت سے ووٹرز کو صحیح نمائندگی نہیں ملتی جبکہ انتخابات میں ووٹرز سب سے بڑے اسٹیک ہولڈرز ہوتے ہیں۔ عوام اس بار پی ٹی آئی کے حقیقی نمائندے سامنے لے آئے تو آزاد خطہ میں تبدیلی کو ئی نہیں روک سکے گا۔