اسلام آباد (جیوڈیسک) را کے اعلیٰ افسر کی گرفتاری کے بعد اس کے مزید تیرہ ساتھیوں کو بھی پکڑ لیا گیا، پانچ سو سے زائد دہشتگردوں کے مسلمان بن کر ملک میں پھیل جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
دوسری طرف گرفتار را کے افسر نے پاکستان میں سرکاری تعیناتی کا اعتراف کر لیا۔ حساس اداروں نے ملک میں پھیلے “را” کے ایجنٹوں کے خلاف آپریشن شروع کر دیا، کل بھوشن یادیو کی گرفتاری کے بعد اس کے مزید تیرہ ساتھیوں کو بھی پکڑ لیا گیا۔
پکڑے جانے والے افراد دہشتگردی، فرقہ وارانہ فسادات اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہیں تاہم ان کی گرفتاری کو خفیہ رکھا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق گرفتار افراد سے تفتیش کے بعد انکشاف ہوا ہے کہ بھارت میں تربیت حاصل کرنے والے 5 سو دہشتگرد پاکستان میں داخل ہوگئے ہیں جو مسلمان بن کر ملک میں دہشتگردی ، مذہبی فسادات پھیلانے، فوج کے خلاف اکسانے اور دیگر ملک دشمن کارروائیوں میں ملوث ہیں۔
ذرائع کے مطابق چند روز میں کئی اہم افراد کی گرفتاری بھی متوقع ہے ۔ دوسری طرف کل بھوشن یادیو سے تفتیش کرنے والی ٹیم نے حکومت کو ابتدائی رپورٹ پیش کر دی۔
رپورٹ کے مطابق “را” کے گرفتار افسر نے پاکستان میں سرکاری تعیناتی کا اعتراف کر لیا ہے۔ “را” کا افسر پاکستان میں دہشتگردی، علیحدگی پسندی اور فرقہ واریت کیلئے فنڈنگ بھی کرتا رہا۔ ملزم کے ساتھی کراچی اور بلوچستان میں اب بھی موجود ہیں۔