چنئی (جیوڈیسک) ایم اے چدمبرم سٹیڈم میں کھیلے گئے ویمن ورلڈ ٹی ٹونٹی کے اہم میچ میں انگلینڈ کی ٹیم نے پاکستان کو شکست دیدی ہے۔
انگلینڈ کی ٹیم نے پاکستان کو جیت کیلئے 149 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا تاہم قومی ٹیم سترہ اعشاریہ پانچ اوورز میں 80 بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کوئی بھی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکی۔
ناہیدہ خان 15، ندا ڈار 16 جبکہ اسماویہ اقبال 15 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔ انگلینڈ کی جانب سے لارا مارش 3 وکٹیں حاصل کرکے کامیاب باؤلر رہیں۔ آنیا، نتالی اور جارجیا الوس نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھلائی جبکہ کیتھرین نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل انگلینڈ کی ٹیم کی کپتان شارلٹ ایڈورڈز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ کی جانب سے سی ایم ایڈورڈز نے 77 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کیلئے 149 رنز کا ٹارگٹ دیا۔