لاہور (جیوڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے بھٹہ مزدور خواتین کو جہیز فنڈز کے لیے متعلقہ اضلاع کے ڈی سی سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے کیس کی سماعت شروع کی تو درخواست گزار آل لیبر بھٹہ مزدور یونین کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ 2012 میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے بھٹہ مزدور خواتین کے جہیز فنڈز قائم کیا تھا۔
وزیر اعلیٰ کے حکم کے باوجود بھٹہ مزدور خواتین کو جہیز فنڈز نہیں دیا جا رہا جس سے خواتین بھٹہ مزدوروں کی شادی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
دوران سماعت سرکاری وکیل نے بتایا کہ درخواست گزار نے متعلقہ ڈی سی او سے رجوع کرنا تھا جو نہیں کیا گیا۔
جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے درخواست گزارکو حکم دیا کہ آپ متعلقہ اضلاع کے ڈی سی او سے رجوع کریں اگر وہ جہیز فنڈ نہ دیں تو عدالت فیصلہ کرے گی۔ عدالت نے دائر درخواست نمٹا دی۔