لاہور (جیوڈیسک) لاہور کے قریب رائے ونڈ روڈ پر سی آئی اے کی کارروائی ، فائرنگ کے تبادلے میں پانچ دہشت گرد ہلاک ہو گئے ، بارودی مواد ، ٹائم ڈیوائسز ، ہینڈ گرنیڈ اور اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ۔ سانحہ گلشن اقبال پارک میں دھماکے کے بعد دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں تیزی آ گئی ، انتہائی مطلوب دہشت گردوں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ۔ رائے ونڈ روڈ پر مقابلے کے بعد پانچ دہشتگرد مارے گئے ، مظفر گڑھ اور راجن پور میں بھی پانچ دہشتگرد ہلاک ہو گئے ۔ لاہور کے علاقے علامہ اقبال ٹاؤن میں سرچ آپریشن کے دوران شناختی کوائف کی عدم دستیابی پر 23 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ۔
سی آئی اے نے منگل اور بدھ کی درمیانی شپ رائے ونڈ روڈ پر ایل ڈی اے ایونیو سوسائٹی کے ایک گھر میں کارروائی کی ، گھر میں چھپے دہشتگردوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی ۔ پولیس اور دہشتگردوں کے درمیان ڈیڑھ گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا ، فائرنگ کے تبادلے کے دوران چار دہشتگرد مارے گئے جبکہ ایک کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ، تاہم وہ دم توڑ گیا ۔ مرنے والے تین دہشتگردوں کی شناخت خان وحید ، ناصر اقبال اور جنید ظہور کے نام سے ہو گئی ہے ۔ دہشت گردوں کے قبضے سے 2 کلاشنکوف، 3 پستول ، 10 ہینڈ گرنیڈ اور 10 ٹائم ڈیوائسس اور نقشے بھی بر آمد ہوئے ۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ دہشت گرد ملٹری اکیڈمی کاکول پر میزائل حملے، ڈاکٹر وائن سٹائن اور جنرل مجید ملک کے داماد عامر ملک کے اغوا سمیت درجنوں واقعات میں ملوث تھے ۔ اس سے پہلے مظفر گڑھ اور راجن پور میں بھی انتہائی مطلوب 5 دہشتگرد مارے گئے ۔ حساس اداروں ، پولیس اور کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ نے خفیہ اطلاعات پر مشترکہ آپریشن کئے ۔ مختلف کارروائیوں میں 67 سہولت کاروں کو بھی گرفتار کیا گیا، لاہور اور گردو نواح میں مشترکہ آپریشن کے دوران 15 افراد جبکہ لاہور کے علاقہ علامہ اقبال ٹاؤن میں سرچ آپریشن کے دوران شناختی کوائف کی عدم دستیابی پر23 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ۔