قصور (محمد عمران سلفی سے) بجلی چوروں کا قلعہ قمع کرکے ہم دم لیں گے ،بجلی چور ایک ناسور کی طرح ہیں جو شریف شہریوں کے حقوق کو کھا رہے ہیں ،ایسے افراد اور ان کے ساتھ ملے ہوئے کرپٹ عملہ کا خاتمہ میری اولین ترجیح ہے ان خیالات کا اظہار ایکسیئن واپڈا لیسکو محمد لطیف انجم نے صحافیوں کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران میں کیا ،انہوں نے کہا کہ گزشتہ مہینوں میں کارروائی کرتے ہوئے بجلی چوروں کے خلاف سخت ایکشن لیکر ان سے کروڑوں روپے کی ریکوری محکمہ لیسکو قصور کی اچھی کارکردگی کا ثبوت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آخری بجلی چور کے خاتمہ تک یہ مہم سختی کے ساتھ جاری رہے گی ایسے بجلی چور کیس قسم کی رو رعایت کے مستحق نہیں جو غریب عوام کے خون پسینے کی کمائی چوس رہے ہیں ،محمد لطیف انجم نے مزید کہا کہ اگر کسی کو کوئی بجلی چوری کرتا ہوا نظر آئے تو بلا جھجھک میرے آفس میں آکر مجھے اطلاع کریں ،ان افراد کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا اور کارروائی کرتے ہوئے ایسے بجلی چور کو اس کے متقیٰ انجام تک پہنچایا جائے گا ،انہوں نے کہا کہ مجھے علم ہے کہ یہ بجلی چورمحکمے کے کسی ملازم کے ساتھ ملی بھگت کرکے ایسے کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر محکمے کا کوئی بھی افسر ،ملازم بجلی چوروں کے معاونت میںملوث پایا گیا تو نہ سرف اس کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی بلکہ اسے نوکری سے بھی معطل کر دیا جائے گا ،ایسی کالی بھیڑوں کی محکمہ کو کوئی ضرورت نہیں ،محمد لطیف انجم نے بتایا کہ ہم اپنی ڈیوٹی ایمانداری اور احسن طریقے انجام دینا اپنا فرض سمجھتے ہیں اور کسی کو بے ایمانی نہیں کرنے دیں گے۔