پیرس (جیوڈیسک) فرانس میں مہاجرین کی سرحد پار کرنے کی کوشش پولیس نے واٹر کینن کے استعمال سے ناکام بنادی، بان کی مون نے عالمی برادری سے مہاجرین کی آبادکاری میں تعاون کی اپیل کر دی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فرانس کے ساحلی شہر میں مہاجرین نے سرحد پار جانے والے ٹرکوں کو رکاوٹیں ڈال کر روکنے کی کوشش کی، مہاجرین ٹرکوں کے ذریعے سرحد پار کرنا چاہتے تھے۔ فرانسیسی پولیس نے مہاجرین کو منتشر کرنے کیلئے واٹر کینن اور آنسو گیس کا استعمال کیا۔ مہاجرین فرانسیسی حکومت کے جنگل نامی کیمپ کو محدود کرنے کے فیصلے کے بعد سرحد پار کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ مہاجرین کی آبادکاری کی کوششوں میں مدد فراہم کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ مہاجرین کے بحران سے نمٹنے کیلئے یکجہتی دکھانے کی ضرورت ہے۔