لیگ اسپنر یاسر شاہ انگلینڈ دورے کیلئے تیار

Yasir Shah

Yasir Shah

صوابی (جیوڈیسک) پاکستان کے نامور لیگ اسپنر یاسر شاہ نے کہا ہے وہ مکمل فٹ ہونے کے بعد 14 جولائی سے شیڈول انگلینڈ دورے کیلئے پاکستان ٹیم میں شامل ہونے کیلئے تیار ہیں۔

صوابی سے تعلق رکھنے والے 29 سالہ یاسر نے گزشتہ سال صرف 12 ٹیسٹ میچوں میں 76 وکٹیں حاصل کر کے عالمی کرکٹ میں ہلچل مچا دی تھی۔

گزشتہ سال ستمبر-اکتوبر یو اے ای میں انگلینڈ کے خلاف 0-2 سے ٹیسٹ سیریز جیتنے میں یاسر کی بہترین باؤلنگ نے بھی اپنا حصہ ڈالا تھا۔

گوہاٹی کرکٹ اسٹیڈیم میں باقاعدگی سے پریکٹس کرنے والے یاسر نے ڈان سے گفتگو میں بتایا کہ وہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کیلئے تیار ہیں۔’میں عوام اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی خواہش پر ملک کیلئے دوبارہ کھیلنے کو تیار ہوں‘۔

خیال رہے کہ عالمی انسداد ڈوپنگ ایجنسی (واڈا) نے ممنوعہ دوائی استعمال کرنے پر گزشتہ سال 27 دسمبر کو یاسر کو عبوری طور پر معطل کر دیا تھا۔

بعد ازاں، یاسر نے غلطی سے دوائی استعمال کرنے کے اعتراف کیا، جس پر پی سی بی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں سزا کے خلاف اپیل کی۔

تاہم، ٹیسٹ مثبت آنے پر آئی سی سی نے لیگ اسپنر پر تین مہینے کیلئے پابندی لگا دی۔

اب 27 مارچ کو پابندی ختم ہونے کے بعد یاسر دوبارہ ٹیم میں واپسی کیلئے پرامید ہیں۔

انگلینڈ کے خلاف چار ٹیسٹ، پانچ ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل آئندہ دورہ پاکستان کیلئے ایک بڑا چیلنج ہو گا۔

دوسری جانب معلوم ہوا ہے کہ صوابی سے ہی تعلق رکھنے والے فاسٹ باؤلر جنید خان انگلینڈ میں ہیں اور جلد وطن واپس آئیں گے۔