کراچی (جیوڈیسک) سیمنٹ سیکٹرسے متعلق حوصلہ افزا اطلاعات پرہونے والی وسیع خریداری سرگرمیوں کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کو بھی معمولی مندی کے بعد تیزی کا تسلسل قائم رہا جس سے انڈیکس کی 33200 ،33300 اور 33400 پوائنٹس کی مزید 3 حدیں بیک وقت بحال ہوگئیں، 63.35 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں بھی 40 ارب 72 کروڑ 75 لاکھ 10 ہزار 216 روپے کا اضافہ ہوگیا۔
ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ مارکیٹ میں درج میپل لیف سیمنٹ کے بہترین کیش فلو کے سبب سکوک قرضوں کی قبل ازوقت ادائیگیوں اور کوہاٹ سیمنٹ کی توانائی میں خودکفالت کے لیے اپنے ویسٹ ہیٹ انرجی پلانٹ کو آپریشنل کرنے کی خبروں نے اس شعبے کے بیشتر کمپنیوں کے حصص میں سرمایہ کاری کوپرکشش ثابت کیا جبکہ مرکزی بینک کی آئندہ کی مانیٹری پالیسی میں شرح سود مستحکم رکھنے کی افواہوں نے بینکنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری کے حجم کو بڑھایا اوراسی طرح فرٹیلائزر سیکٹر کے حصص بھی سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔
ان عوامل کے سبب مارکیٹ میں سرمایہ کاری کا گراف بلندی کی جانب گامزن رہا حالانکہ ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر 17.19 پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی لیکن فروخت کے مقابلے میں خریداری سرگرمیاں زائد ہونے کے سبب مارکیٹ میں نمایاں تیزی کا تسلسل قائم رہا،کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 310.62 پوائنٹس کے اضافے سے 33449.62 ہوگیا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 184.63 پوائنٹس بڑھ کر 19352.10، کے ایم آئی 30 انڈیکس 641.44 پوائنٹس کے اضافے سے 58859.47 اور کے ایم آئی آل شیئرانڈیکس 109.51 پوائنٹس بڑھ کر 15828.46 ہو گیا۔
کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 24.61 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 20 کروڑ 40 لاکھ 95 ہزار 140 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 352 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 223 کے بھاؤ میں اضافہ، 104 کے داموں میں کمی اور25 کی قیمتوں میں استحکام رہا، جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں شیزان انٹرنیشنل کے بھاؤ 22.79 روپے بڑھ کر 514 روپے اور پاکستان ٹوبیکو کے بھاؤ 20.31 روپے بڑھ کر 1340 روپے ہو گئے جبکہ وائتھ پاکستان کے بھاؤ 55 روپے کم ہوکر 1635 روپے اور باٹا پاکستان کے بھاؤ 48.34 روپے کم ہوکر 3450 روپے ہو گئے۔