قاہرہ (جیوڈیسک) عرب لیگ کے سابق سیکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ عربوں کو چاہئے کہ ایران کو اپنا دشمن نہ سمجھیں۔ عرب لیگ کے سابق سیکرٹری جنرل امر موسیٰ نے قاہرہ میں ایک بیان میں کہا کہ ایران عرب ممالک کا دشمن نہیں ہے ان ممالک کو چاہئے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کریں۔
انھوں نے کہا کہ تاریخی دشمنی عربوں اور اسرائیل کے درمیان پائی جاتی ہے اور اسرائیل ہی عربوں کا دشمن ہے اس لئے عرب ممالک کو چاہئے کہ ایران کو اپنا دشمن نہ سمجھیں اور اس کے ساتھ مذاکرات کریں۔
عرب لیگ کے سابق سیکرٹری جنرل نے ثالثی کی حیثیت سے عمان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ عمان، خلیج فارس کے علاقے میں قیام امن کے سلسلے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اس رو سے وہ علاقے کا ایک ایسا اہم عرب ملک شمار ہوتا ہے جو اپنے پڑوس کی صورت حال کو بخوبی سمجھتا ہے۔