اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے چیئرمین عمران خان کی منظوری کے بعد پارٹی میں انتخابات کے لیے قواعد و ضوابط جاری کردیئے ہیں۔
تحریک انصاف کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پہلے مرحلے میں تحصیل سے مرکزکی سطح تک انتخابات کروائے جائیں گے جب کہ دوسرے مرحلےمیں یونین کونسلز، فاٹا، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں انتخابات ہوں گے، مرکزکی سطح پرچیرمین، دیگر مقامات پرصدارت کی نشست کیلیے ووٹنگ کروائی جائے گی، متعلقہ حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز ووٹ ڈالنے کے مجاز ہوں گے۔
انتخابی قواعد و ضوابط کے تحت پارٹی قیادت 2 سال کی مدت کے لیے منتخب کی جائےگی۔ منتخب اراکین قومی وصوبائی اسمبلی ،بلدیاتی اراکین انتخابات میں حصہ لے سکیں گے تاہم کسی بھی حکومتی عہدیدار کو مستعفی ہوئے بغیر پارٹی انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہوگی۔