گلگت (جیوڈیسک) خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں شدید بارشوں کے باعث مکانات کی چھتیں گرنے اور سیلابی پانی میں بہہ جانے کے واقعات میں بچوں اور خواتین سمیت 10 افراد جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہو گئے۔
گلگت بلتستان میں شدید بارشوں کے باعث چلاس کے علاقے جچن میں مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں والد بیٹا اور 2 بیٹیاں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ چترال کے علاقے ٹھینک شین میں گھر پر پہاڑی تودہ گرنے سے 5 افراد زخمی ہو گئے جب کہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم کئی مقامات سے بند ہو گئی۔
سوات میں بھی شدید بارشوں کے باعث مختلف علاقوں میں 2 خواتین سمیت 3 افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے جب کہ کبل کے علاقے کلا گئی کے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی۔ شدید بارشوں نے بحرین میں بھی تباہی مچادی اور رابطہ پل سیلابی پانی میں بہہ گیا۔ بارشوں کے باعث دریائے سوات میں اونچے درجے کا سیلاب آ گیا ہے جب کہ پشاور میں گزشتہ رات ہونے والی شدید بارش کے باعث سڑکیں اور گلیاں ندی نالوں میں تبدیل ہو گئیں ہیں۔
چارسدہ میں بھی شبقدر کے گاؤں چلماری میں مکان کی چھت گرنے سے ایک بچہ دب کر جاں بحق ہو گیا جب کہ ماں اور بھائی شدید زخمی ہو گئے۔ بالاکوٹ کے گاؤں پھاگل کاغان میں بھی گھر کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گئے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج بھی مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، اسلام آباد اور پشاور سمیت مختلف شہروں میں بارش جب کہ بالائی علاقوں میں پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔