کراچی: اربن ڈیموکریٹک فرنٹ (UDF) کے بانی چیرمین ناہید حسین نے کہا ہے کہ حساس اداروں نے بلوچستان سے بھارتی خفیہ ایجنسی راء کے ایک حاضر سروس افسر کل بھوشن یادیو کو گرفتار کر کے یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ پاکستان کی حفاظت سے بے خبر نہیں ہیں، کیونکہ کسی بھی ملک وقوم کی قوت و طاقت کا ایک موثر ذریعہ اس کی انٹیلی جینس ایجنسی ہوا کرتی ہے اور انٹیلی جینس بنیادی ہتھیا ر ہوتا ہے اور پاکستانی قوم کو فخر ہے کہ دنیا کی سب سے بہترین اور نمبرون ایجنسی پاکستان کی آئی۔ایس ۔آئی ہے جس نے دنیا بھر میں اپنی دھاک بٹھائی ہوئی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے عہدیداران و کارکنان کے ہفتہ وار اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ناہید حسین نے مزید کہا کہ بھارتی جاسوس نے پاکستان میں فرقہ ورانہ فسادات بلوچستان اور کراچی کی پاکستان سے علیحدگی کی سازش کا بھی اعتراف کیاہے اور ساتھ ہی اس نے یہ بھی اعتراف کیا ہے کہ اس کی مہمان نوازی افغانستان میں این۔ڈی۔ ایس نے بھی کی بھارتی خفیہ ایجنسی راء کے ایسے خطرناک بڑے عہدیدار کی رنگے ہاتھوں گرفتاری بلا شبہ ہماری آئی۔ایس۔آئی کی ایک بڑی کامیابی ہے اور توقع رکھی جانی چاہئے کہ اس کی گرفتاری سے کراچی اور بلوچستان میں سرگرم ِ عمل پاکستان دشمن تخریبی نیٹ ورک کوبے نقاب کرنے اور جڑ سے اکھاڑنے میں مدد ملے گی اور ملک کی داخلی اور سلامتی کے خلاف بھارت افغانستان اور ان کے سرپرست عالمی قوتوں کی سازش کو ناکام بنا دیا جائے گا ،دوسری طرف ہمارے حکمران چپ کا روزہ رکھے ہوئے ہیں،وزیر اعظم نواز شریف سے لے کر کوئی بھی وزیر اس معاملہ پر بالکل خاموش ہے ایسے محسوس ہورہا ہے جیسے حکمرانوں کو اس کی گرفتاری پسند نہ آئی ہو کیونکہ ہمارے حکمران کسی طرح بھی مودی سرکار کو شا ید ناراض نہیں کرنا چاہتے۔
لیکن آج جب پاکستان کے انٹیلی جینس اداروں کی ایک زبردست کامیابی ہوئی ہے اور ایک ایسا ثبوت ہاتھ آیا ہے جس سے بھارت کے عزائم کو بے نقاب کیا جاسکتا ہے ،اس موقع کو اگر ہاتھ سے جانے دیا گیا تو یہ موجودہ سیاسی حکومت اور ریاست پاکستان کی سب سے بڑی ناکامی ہوگی کیونکہ یہ مسئلہ کسی سیاسی جماعت یا حکومت کا نہیں ہے بلکہ ریاست پاکستان کی بقاء کا ہے ،لہذاٰ حکومت کو چاہئے کہ وہ تمام سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی سربراہوں کو دعوت دے کر وہ بین الاقوامی اداروں میں پاکستانی وفد کی قیا دت کریں اور بھارت کی پاکستان میں مداخلت اور پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازشوں سے آگاہ کریں۔
کیونکہ پاکستان کی مسلح افواج اور آئی۔ایس۔آئی نے بھارت کو اس میدان میں بھرپور شکست دے رکھی ہے ،ناہید حسین نے کہا کہ آج کا دور ایسا ہے کہ ہمارے ملک میں ہر آدمی بے لگام ہے جس کی جو مرضی چاہے کرتا ہے ،ایک جماعت کا ہیڈ آفس پہلے سے لندن میں ہے اب خبر یہ ہے کہ پیپلز پارٹی کا ہیڈ آفس بھی دبئی سے لندن منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور ایک مذہبی جماعت پہلے سے ہی کینیڈا میں اپنا آفس کھولے ہوئی ہے۔
یہ سب کچھ پاکستان کے ساتھ ہو رہا ہے جہاں کوئی قانون و ضابطہ اخلاق سرے سے ہے ہی نہیں ،پاکستان کے بجائے ان جماعتوں کے اجلاس بیرون ملک میں ہوتے ہیں ان سے کوئی یہ پوچھنے والا نہیں کہ یہ اخراجات کہاں سے آتے ہیں اور کیا ذرائع ہیں ،کوئی پوچھنے والا نہیں ہے ،حکمرانوں اور سیاستدانوں کی دوہری پالیسیوں کے نتیجے میں ملک پے درپے ناکا میوں کی طرف گامزن ہے اور حکمران ملک بچانے سے زیا دہ اقتدار بچانے میں دلچسپی رکھتے ہیں،ان کم عقلوں کو کون بتائے کہ ملک بچے گا تو اقتدار رہے گا۔
دشمن ملکوں اور انگریز کی اندھی غلامی نے ہمارے حکمرانوں اور سیا ستدانوں کو میر جعفر اور میر صادق کے دور میں لا کھڑا کیا ہے ، اب ہمیں تو اس نعرہ کا مفہوم بھی سمجھ آنے لگا ہے کہ :”Democracy is the best revenge” ،ناہید حسین نے آخر میں کہا کہ اللہ پاکستان، پاکستان کی عوام اور پاک فوج کی حفاظت کرے،(آمین)، پاکستان زندہ باد ! پاک افواج زندہ باد!۔