تحریر: عمران احمد راجپوت پاکستان میں ہمیشہ ایک خاص قسم کی سوچ کو اقتدار کے ذریعے عوام پر مسلط کیا جاتا رہا ہے۔ قارئین اِس سوچ کو پروان چڑھانے والوں میں جمہوری روایتوں کے نگھبان سے لیکر آمرانہ رویوں کے ترجمان تک شامل ہیں۔ مذکورہ بالا دونوں قوتوں میں ایک تو اقتدار کی حوس میں مبتلااسے ابدی دوام بخشنے کی آرزومند ہے دوسری طاقت اپنے نظریات کے تحفظ اور مرتب کردہ پالیسیوں کے پیشِ نظر اپنے اصولوں کی پابند ہے۔
اقتدار کے اِس سنگھاسن سے سیاستدانوں نے دوری اختیار کی نہ اشرافیہ نے اپنی گرفت کمزور ہونے دی۔دو طاقتوں کی آپس کی رسہ کشی نے ہر طرف بے یقینی کی صورتحال پیدا کررکھی ہے۔ جبکہ حالات کی ستم ظریقی یہ رہی کہ اِن دو طاقتوں کے بیچ عوامی جذبات کاہمیشہ خون ہوتارہا ہے رسہ کشی کا یہ سلسلہ آج بھی اسی طرح جاری ہے۔ جس کی تازہ مثال سیاسی افق پر اچانک نمودار ہونے والی پاک سرزمین پارٹی ہے جس کے سربراہ جناب مصطفی کمال نے حق پرستوں کو وطن پرستوں کی صفوں میں شامل کرنے کا ٹھیکہ لے رکھا ہے۔
کمال صاحب واضح پالیسی کے بنا جس طرح عجلت میں انڈے ڈنڈے بھنڈی لوکی کا مقابلہ کررہے ہیں اِس سے معلوم پڑتا ہے کہ پاک سرزمین کے اصل مالکین بہت زیادہ جلدی میں ہیں جنکی ہر ممکن کوشش ہے کہ 2018 ء میں منعقد کئے جانے والے عام انتخابات سے قبل پاک سرزمین پارٹی کو عوام میںجتنی ممکن ہوسکے مقبولیت دلائی جائے تاکہ عام انتخابات میں کامیابی کیلئے ماحول سازگار بنایا جاسکے۔ لہذا اس کے لئے ضروری ہے کہ اسے پہلے مرحلے میں کراچی حیدرآباد میرپورخاص سمیت اندرونِ سندھ میںپارٹی کو مضبوط کرکے پاکستان کے دیگر صوبوں میں بھی پھیلایا جائے۔ کہنے کو ابھی عام انتخابات میں دو سال کا عرصہ باقی ہے لیکن اتنا وقت بطور ایک نومولود سیاسی جماعت کے قومی سطح پر عوامی مقبولیت حاصل کرنا اتنا آسان بھی نہیں۔
Mustafa Kamal
میدان سے باہر خاموش تماشائی بنی حکمراں جماعت سمیت پاکستان کی دیگر سیاسی جماعتیں بڑے اطمنان کے ساتھ کراچی حیدرآباد کی نمائندہ جماعت کا شیرازہ بکھرتا دیکھ کر کافی مسرت محسوس کررہی ہیں اور اُس خاموش طوفان سے بے خبر ہیں جو کراچی کے ساحل سے اُمڈ کر کشمیر کی چٹانوں سے ٹکرانے کا ارادہ رکھتا ہے ۔ فلحال یہ عتاب متحدہ قومی موومنٹ پر آیا ہوا ہے جہاں جہاں سے مصطفی کمال کا قافلہ گزرتا ہے متحدہ کے کارکنان مزید عتابی زد میں آنا شروع ہوجاتے ہیں جس کی ایک مثال میرپورخاص میں ایم کیوایم کے زونل آفس پر پولیس کی جانب سے چھاپہ مار کاروائی ہے۔ پاک سرزمین پارٹی کا پہلاعوامی جلسہ 24 اپریل کو ہونے جارہا ہے اِس حوالے سے پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال کی ہر ممکن کوشش ہے کہ جلسے میں زیادہ سے زیادہ عوام شرکت کریں لہذا عوامی روابطہ مہم کا سلسلہ کراچی حیدرآباد سے نکل کر اندرونِ سندھ پہنچنے کو ہے۔
دوسری جانب ہاتھ پیر بندھے مجبور و لاچار متحدہ قومی موومنٹ چپ سادھے وقت و حالات کے دھارے میں بہتے ہوئے خاموش پالیسی اپنائی نظر آتی ہے۔ جوکہ موجودہ حالات کے پیشِ نظر بہتر حکمتِ عملی ہے لیکن مستقبل کی سیاست پر یہ پالیسی اپنا کیا اثر چھوڑتی ہے آثار کچھ اچھے نظر نہیں آتے ۔ کیونکہ اسٹیبلشمنٹ نے ٹھان رکھی ہے کہ آنے والے عام انتخابات میں متحدہ کوایک سیٹ بھی نہیں دینی لیکن اِس بارے ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کیونکہ کراچی کی سیاست پاکستان کے دیگر حصوں سے بالکل مختلف ہے جہاں اسٹیبلشمنٹ ایم کیوایم کا ووٹ بینک توڑنے کیلئے پہلے ہی کئی حربے آزما چکی ہے لیکن نتیجہ وہی ڈھاک کے تین پات، لیکن اِس دفعہ سندھ کے شہری علاقوں کے عوام غیر یقینی کی صورتحال سے دوچار نظر آتے ہیں لہذا قوی امکان ہے کہ اِس دفعہ رزلٹ ماضی سے مختلف ہو۔
MQM
جب کہ اندرونِ سندھ میں بھی کچھ اِسی قسم کی سیاست جنم لے رہی ہے اورپاکستان پیپلز پارٹی کے خلاف مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ جناب پیرصدرالدین شاہ راشدی کی قیادت میں سندھی قوم پرستوں کا اتحاد سندھ ڈیموکریٹک گرینڈالائنس متحرک ہوچکا ہے اور یہ بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں کہ سائیںپیر صاحب پگارہ کے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مثبت تعلقات ہیں لہذا مستقبل میں ممکن ہے شہری سندھ سے متحدہ قومی موومنٹ اور اندورنِ سندھ سے پاکستان پیپلز پارٹی کا صفایا کرنے کیلئے پاک سرزمین پارٹی سندھ ڈیموکریٹک گرینڈ الائنس کا سیاسی اتحاد ہو جائے۔
دوسری جانب اسٹیبلشمنٹ پنجاب سے بھی مصطفی کمال کی تلاش میں ہے اورسنا ہے کہ وہ اپنے اِس مقصد میں کافی حد تک کامیابی حاصل کرچکی ہے مسلم لیگ ن میں سے فارورڈ بلاک بنائے جانے کی خبریںمحو گردش ہیںلہذا پنجاب میں بھی مسلم لیگ ن کا اثر توڑنے کیلئے مسلم لیگ ق کے طرز کی سیاسی جماعت بنائے جانے کاقوی امکان ہے۔
اِسی طرح کے پی کے میں آجائیں جہاں پہلے ہی اسٹیبلشمنٹ کی حمایت یافتہ جماعت پاکستان تحریکِ انصاف کی حکومت قائم ہے جبکہ بلوچستان میں بھی اسٹیبلشمنٹ بلوچ نیشنل پارٹی پر ہاتھ رکھ سکتی ہے اِس طرح عام انتخابات سے قبل چاروں صوبوں سے فارورڈ بلاکس پر مشتمل جماعتوں کا ایک قومی اتحاد بنایا جائے گا جس کی قیادت دبئی میں بیٹھا وہ شخص کریگا جس کیلئے یہ سارا اسٹیج تیار کیا جارہا ہے وہ شخص جنرل پرویز مشرف ہونگے جو مذکورہ بالا تمام جماعتوں پر مشتمل اتحاد کی قیادت کرینگے۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ اسٹیبلشمنٹ اپنی اِن کوششوں میں کامیاب ہوپاتی ہے یا نہیں جب کہ ساتھ میں یہ دیکھنا بھی ضروری ہے کہ پاکستان کے عوام اسٹیبلشمنٹ کے اِس کردار کومثبت لیتے ہوئے اسکی حمایت کرتے ہیں یامخالفت خاص کر ایسے حالات میں جب عوام پہلے ہی تبدیلی کے خواں ہو۔
Imran Ahmed Rajput Logo
تحریر: عمران احمد راجپوت بیورو چیف حیدرآباد ماہنامہ روابط انٹرنیشنل ممبر کالمسٹ کونسل آف پاکستان ممبر ہماری ویب رائٹر کلب ممبر پاکستان گروپس آف جرنلسٹس CNIC: 41304-2309308-9 Email:alirajhhh@gmail.com حیدرآباد، سندھ