نئی دہلی / اسلام آباد(جیوڈیسک) بھارتی میڈیا نے ’’را‘‘ کے ایجنٹ کل بھوش یادیوکی گرفتاری کے بعد پاک ایران تعلقات کے حوالے سے زہریلا اور بے بنیاد پروپیگنڈا شروع کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بلوچستان سے گرفتار ہونے والے بھارتی ایجنٹ کل بھوشن یادویو کی گرفتاری کے بعدایران کے ساتھ معاملہ اٹھائے جانے اور ایرانی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال ہونے سے متعلق میڈیا رپورٹس سامنے آنے کے بعدپاکستان اورایران کے درمیان تعلقات میں کشیدگی آئی ہے اوراسلام آباد میں ایرانی سفارتخانے کے ایک بیان میں بھی خبردارکیاگیاہے کہ صدرروحانی کے دورہ پاکستان کے بعداس طرح کے بیانات سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات خراب ہوسکتے ہیں۔
بھارتی ٹی وی کے مطابق پاکستانی حکومت نے اپنے میڈ یاکوخبردار کیاہے کہ وہ کل بھوشن یادیوکی گرفتاری کے بعدایران کے خلاف رپورٹس جاری کرنے میں احتیاط سے کام لے کیونکہ اس سے دوطرفہ تعلقات پر منفی اثرات پڑسکتے ہیں۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے سابق سفیرمسعودخان کا کہناہے کہ بھارتی میڈیا کل بھوشن یادیو کی گرفتاری کے بعدپاک ایران تعلقات کے حوالے سے بے بنیاد پروپیگنڈاکررہا ہے۔ ایران پاکستان کا قریبی اور برادرانہ دوست ملک ہے دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان قریبی تعلقات ہیں،ایران کی پاکستان میں مداخلت کی خبریں درست نہیں ہیں ،بھارتی میڈیا اس پر منفی پروپیگنڈاکرنا بند کرے ،پاکستان چین اور ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ۔