کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈیشنل کمشنر کراچی محترمہ روبینہ آصف نے کہا ہے کہ کمشنر کراچی آصف حیدر شاہ کی سرپرستی میں شہر قائدکے کھیلوں کے میدانوں کو آباد رکھا جائے گا جس کے لئے کمشنر کراچی کی سربراہی میں بہت جلد کراچی کی اسپورٹس تنظیموں کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے منصوبے بنائے جائیں گے یہ اعلان انہوں نے کراچی شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
روبینہ آصف نے کہاکہ کمشنر کراچی آصف حیدر شاہ کی دلی خواہش ہے کہ کراچی میں کھیل کے میدانوں کو آباد رکھا جائے اور شہر کراچی میں صحت مند سرگرمیاں فروغ پائے اور کھلاڑیوں کو ہر قسم کی سہولیات مہیا کئے جائیں انہوں نے کہاکہ کمشنر کراچی کی سختی سے ہدایت ہے کہ کھیل کے میدانوں اور تفریحی مقامات پر کسی بھی قسم کے تجاوزات و تعمیرات نہ ہوں اور میں آج یہ اعلان کرتی ہوں کہ نوجوانوں کے صحت مند سرگرمیوں کے حصول کے لئے کھیلوں کے میدانوں اور تفری گاہوں کو اگر کسی نے برباد کرنے کوشش کی تو کراچی انتظامیہ ان افراد کے خلاف سخت اقدامات کرے گی۔
ایڈیشنل کمشنر روبینہ آصف نے کھلاڑیوں سے اپیل کی کہ وہ کھیل کے ساتھ تعلیم کے حصول اور اس کے فروغ دینے کے لئے بھی اپنی کاوشیں برائے کار لائیں ۔پاکستان کی خدمت کریں اور کراچی کو امن کا گہوارہ بنانے کے لئے انتظامیہ کا ساتھ دیں۔
تقریب سے فردوس اتحاد کے سرپرست سید الطاف حسین ،سیکریٹری اور کراچی شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کے صدر حاجی غلام محمد خان ،کراچی شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کے میڈیا ایڈوئزر محمد ارشد ،عبدالناصر ،نیشنل بنک اسپورٹس کے پی آر او عظمت اللہ خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
اس موقع پر کراچی شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کی جانب سے ایڈیشنل کمشنر کراچی محترمہ روبینہ آصف کو شہر قائد میں کھیلوں کے فروغ اور بہترین انتظامی کاوشوں پر حسن کارکردگی ایوارڈ دیا گیا۔