فیصل آباد (جیوڈیسک) وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی کا کہنا ہے پی ٹی آئی کے چیرمین عمران خان پاگل ہیں، دہشتگردوں، سہولت کاروں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے گی، انہوں نے مارچ 2018 تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ مکمل طور پر ختم کرنے کی یقین دہانی بھی کروا دی۔
فیصل آباد میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو میں وزیر مملکت پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی عمران خان پر برس پڑے۔ ان کا کہنا تھا پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان ابھی بچے اور پاگل ہیں۔
پانامہ لیکس کے حوالے سے وزیر اعظم اور ان کے خاندان پر لگائے گئے الزامات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ تمام الزامات بے بنیاد ہیں، وزیر اعظم اور ان کے خاندان کے تمام کاروبار رجسٹرڈ ہیں ، چھپائی گئی کوئی چیز نہیں ہے۔
اس کے علاوہ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلاتفریق کارروائی ہو گی، جو کوئی بھی ملوث ہوا اس کو گرفتار کیا جائے۔
اس کے علاوہ ان کا مزید کہنا تھا کہ صنعتوں کو لوڈشیڈنگ فری بنا رہے ہیں۔ 2018 مارچ تک ملک میں سے لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ کرنے کے ساتھ ساتھ بجلی سستی بھی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ انہوں نے پی سی بی کی نئے سرے سے تنظیم نو کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔