لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا جب کہ انہوں نے اپیل کی ہے کہ کرکٹ کے لیے ان کی خدمات نہ بھلائی جائیں۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے اپنے عہدے سے استعفے کا اعلان کیا جب کہ ان کا کہنا تھا کہ 19 ماہ پوری ایمانداری سے کام کیا، بہت بوجھل دل سے کے ساتھ عہدہ چھوڑ رہا ہوں، میرا کنٹریکٹ ختم ہونے میں اب بھی 3 ماہ باقی ہیں جس کے عوض میری تقریباً 50 لاکھ کی رقم ہے لیکن کرکٹ بورڈ سے اپیل ہے کہ اس پیسے کو فرسٹ کلاس کرکٹ پر لگایا جائے اور کرکٹ کی بہتری کے لیے استعمال کیا جائے۔
وقار یونس نے کہا کہ پی سی بی نے میری رپورٹ لیک کرکے زیادتی کی لیکن کرکٹ بورڈ میرا گھر ہے اس کی بدنامی کا باعث نہیں بننا چاہتا اور استعفیٰ بھی ملکی بدنامی کے باعث دیا۔ انہوں نے کہا کہ میری تجاویز پر عمل کیا گیا تو آنے والے کوچ کے لیے آسانیاں ہوں گی، جب بھی ضرورت پڑی کرکٹ کی خدمت کے لیے دستیاب ہوں جب کہ کرکٹرز سے درخواست ہے کہ میری خدمات نہ بھلائی جائیں۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ اور ورلڈٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کےبعد ہیڈ کوچ سمیت تمام آفیشل کو شدید تنقید کا سامنا ہے جس کے باعث کرکٹ بورڈ نے اعلیٰ سطح پر تبدیلیوں کا فیصلہ کیا ہے جب کہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی بھی اپنی کپتانی سے مستعفی ہوچکے ہیں۔