تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی کا بنیادی زینہ ہوتا ہے، ملک محمد دائود

Taxila

Taxila

ٹیکسلا (ڈاکٹر سید صابر علی) چئیرمین یونین کونسل گڑھی افغاناں ملک محمد دائود نے کہا ہے کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی کا بنیادی زینہ ہوتا ہے ،جس ملک کے عوام خواندہ ہونگے اس ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن ہونے سے دنیا کی کوئی طاقت روک نہیں سکتی، موجودہ حکومت تعلیم کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول گوہدو میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب کے دوران کیا،ملک محمد دائود نے کہا کہ موجودہ حکومت کاویژن ہے کہ ہر فرد کو تعلیم یافتہ بنایا جائے اور اسکے لئے پنجاب حکومت ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ یونین کونسل گڑھی افغاناں نئی معرض وجود میں آئی ہے اور اس میں مسائل بھی بہت ہیں مگر ہم تمام چیلنجز سے نبٹنے کے لئے تیار ہیں، دیگر مسائل کو حل کرنے کے ساتھ ساتھ سکولوں کی بہتری کے لئے بھی سفارشات تیار کر کے بھجوائیں گے۔

ہمیں امید ہے کہ پہلے بھی وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے یونین کونسل کی تعمیروترقی کے لئے خصوصی گرانٹ جاری کی ہیں اور مزید بھی اہل علاقہ کو خوشخبری دینگے،ہمارا بھرپور تعاون ان سکولوں کو حاصل رہے گا۔