واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے جوہری ہتھیاروں کی سیکورٹی کے ممکنہ خطرات سے آگاہ ہے تاہم ان ہتھیاروں کو محفوظ رکھنے کیلئے پاکستان کے پاس ماہرپیشہ وارانہ سیکورٹی فورس موجود ہے۔
واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے پاکستان اور بھارت سمیت جوہری ہتھیار رکھنے والے تمام ممالک سے تحمل مزاجی کی درخواست کی۔ ترجمان کے مطابق پاکستان اور بھارت میں اعتماد سازی کی فضا بحال کرنے کی امریکا حوصلہ افزائی کرتا ہے تاہم ایسے تمام اقدامات کی حوصلہ شکنی کی جائے گی جس سے خطہ عدم استحکام کا شکار ہو۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاک بھارت بات چیت برقرار رہنا بہت اہم ہے اور کشیدگی ختم کرنے کیلئے دونوں ممالک کو مل کر کام کرنا ہوگا۔