کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی بچت اسکیموں کی شرح منافع میں تخفیف پر اظہار افسوس کرتے ہوئے پاکستان سولنگی اتحاد کے سینئر و بزرگ رہنما امیر سولنگی اور سردار اکرم سولنگی ‘ سردار شبیر سولنگی ‘ سردار راحیل سولنگی ‘ سردار خادم حسین سولنگی ‘ ایڈوکیٹ کرم اللہ سولنگی ‘ ایڈوکیٹ اقبال سولنگی و دیگرنے کہاہے کہ ہمارے ملک میں بچت کا رواج پہلے ہی بہت کم ہے، حکومت ایک طرف لوگوں کو بچتوں کی طرف راغب کرتی ہے تو دوسری طرف بچت اسکیموں میں سرمایہ کاری کرنے والوں کی رقوم پر شرح منافع میں کمی کر کے ا نکی حوصلہ شکنی کر رہی ہے۔
قومی بچت سکیموں میں اپنے سرمائے کے تحفظ کیلئے متوسط طبقے کے لوگ ،ریٹائرڈ ملازمین اور بیوائیں اپنی جمع پونجی ڈیپازٹ کراتی ہیں، اب ان کو منافع میں کمی کی صورت میں لگی بندھی رقم میں کمی کا سامنا کرنا پڑیگا جس سے انکے اخراجات زندگی بھی متاثر ہوں گے، حکومت کو علم ہے کہ غریب پہلے ہی روز افزوں گرانی کی وجہ سے پریشان ہیں اور انکے اخراجات بمشکل پورے ہوتے ہیں۔
اب یہ غریب لوگ اور بوڑھے شہری شرح منافع میں کمی کی وجہ سے اپنی ضروریات زندگی کے حوالے سے مزید مسائل کا شکار ہو نگے اس لئے حکومت کو چاہیے کہ وہ اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے اور شرح منافع کی سابقہ شرح بحال رکھے تاکہ یہ غریب طبقہ مہنگائی کے طوفان میں پسنے سے محفوظ رہ سکے۔