نیویارک (جیوڈیسک) جدید ترین ایف 16 جنگی طیاروں کے بعد اب امریکا نے پاکستان کو 9 اے ایچ ون زیڈ وائپر اٹیک ہیلی کاپٹر فراہم کرنے کی بھی تصدیق کردی ہے۔
امریکی محکمہ دفاع سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فارن ملٹری سیلز پروگرام کے تحت پاکستان کو 9 اے ایچ ون زیڈ وائپر اٹیک ہیلی کاپٹر فراہم کئے جائیں گے، ان ہیلی کاپٹروں کی تیاری کے لیے بیل نامی ہیلی کاپٹر کمپنی کو ٹھیکہ دیا گیا ہے اور اس پر 17 کروڑ ڈالر کی لاگت آئے گی، یہ ہیلی کاپٹرز 2018 میں پاکستان کے حوالےکئے جائیں گے۔
اے ایچ ون زیڈ وائپر اٹیک ہیلی کاپٹر انتہائی تیز رفتار ہوتے ہیں اور یہ 400 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز کر سکتے ہیں، ان ہیلی کاپٹرز میں بھاری میزائل لے جانے اور حملے کی صلاحیت بھی موجود ہے اور یہ 610 کلو میٹر تک اپنے ہدف کو باآسانی نشانہ بناسکتا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی محکمۂ دفاع نے گزشتہ برس پاکستان کو 15 اے ایچ ون زیڈ ہیلی کاپٹرز فروخت کرنے کی منظوری دی تھی جن میں سے 9 ہیلی کاپٹر 2018 تک فراہم کیے جائیں گے۔ اس سے قبل امریکی حکومت نے رواں برس کے آغاز میں پاکستان کو 8 ایف 16 طیارے فراخت کرنے کا بھی اعلان کیا تھا جس کی مالیت 70 کروڑ ڈالر ہے۔