ممبئی (جیوڈیسک) بھارتی ماڈل پوجا مسرا نے اداکارہ سنی لیون کے خلاف ہتک عزت کے زمرے میں 100 کروڑ کے ہرجانے کا دعوی کردیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ماڈل پوجا مسرا کی جا نب سے ممبئی ہائی کورٹ میں دائر دعوے میں کہا گیا ہے کہ وہ اور سنی لیون بھارتی ٹی وی مقبول ترین رئیلٹی شو ’’بگ باس‘‘ میں شریک ہوئی تھیں، سنی لیون ان کے بعد پروگرام میں آئیں اور وہ اس وقت انتہائی مقبول تھیں لیکن سنی لیون نے اپنے انٹرویوز کے دوران ایسی باتیں کیں جس کی وجہ سے لوگوں میں ان کے خلاف نفرت اور غصہ پیدا ہوا۔
اپنی درخواست میں پوجا مسرا نے سنی لیون پر یہ بھی الزام لگایا کہ مقامی اخبار میں انہوں نے ایک آرٹیکل لکھا جس میں انہوں نے ان کے بارے میں جو باتیں منسوب کیں اس سے ان کی ناصرف شہرت کو نقصان پہنچا بلکہ مالی نقصان بھی پہنچا۔
پوجا مسرا نے اپنی درخواست میں اپیل کی ہے کہ سنی لیون کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 500 کے تحت ہتک عزت اور120 (بی) کے تحت کارروائی کا آغاز کیا جائے اور اداکارہ سے 100 کروڑ روپے دلوائے جائے۔