تحریک انصاف کا ڈی چوک میں جلسہ اور سندھ جگاؤ تحریک چلانے کا اعلان

PTI

PTI

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر اسلام آباد کے ڈی چوک میں جلسہ اور 26 اپریل سے “سندھ جگاؤ پاکستان بچاؤ” تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے۔

تحریک انصاف نے 24 اپریل کو ہونے والے پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر اسلام آباد کے ڈی چوک میں جلسے کا اعلان کیا ہے جس سے پارٹی چیئرمین عمران خان بھی خطاب کریں گے۔ تحریک انصاف کے یوم تاسیس کے موقع پر ملک بھر سے کارکنان کو ڈی چوک پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے تاہم حکومت کی جانب سے ڈی چوک میں جلسے جلوسوں پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

دوسری جانب تحریک انصاف نے 26 اپریل سے 30 اپریل تک “سندھ جگاؤ پاکستان بچاؤ” تحریک چلانے کا اعلان کیا گیا ہے جس کی قیادت پارٹی کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کریں گے اور تحریک کے دوران صوبے کے بڑے شہروں میں جلسے کئے جائیں گے۔ تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ اور شاہ محمود قریشی کی قیادت میں کراچی سے اندرون سندھ کی جانب کارواں روانہ ہوگا اور مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی جائیں گی جب کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان لاڑکانہ میں ہونے والے جلسے سے خطاب بھی کریں گے۔