کراچی (پ ر) ممتاز مذہبی اسکالر حسین احمد مدنی نے گلبرگ میں نائب امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی سید احمد کی رہائش گاہ پر منعقدہ درس قرآن کی محفل میں سورہ الروم کے پانچویں رکوع کی روشنی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ خبر دے رہا ہے کہ خشکی اور تری میں فساد برپا ہے اور فساد کا سبب انسانوں کے اپنے ہاتھوں کی کمائی ہے۔ ہم آج ایک فساد زدہ معاشرے میں رہ رہے ہیں جہاں کسی کو کسی پر اعتماد نہیں جس کے سبب زندگی گزارنا مشکل ہوگیا ہے۔ یہ سب اس لئے ہے کہ ہم نے اللہ کے واضح حکم کو نظر انداز کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کا سورہ نساء آیت 58 میں حکم ہے کہ قیادت و سیادت اور حکمرانی ان لوگوں کے سپرد کرو جو اس کے اہل ہوں مگر ہم 70 سال سے ایسے حکمرانوں کو لا رہے ہیں جو اس منصب کے اہل نہیں ہیں اور انہوں نے ملک میں دستور پاکستان اور شریعت اسلامی کو نافذ نہ کرکے ملک و قوم اور دستور پاکستان سے غداری کی ہے اس تمام صورت حال سے نجات کا واحد راستہ دستور پاکستان اور شریعت کا نفاذ ہے اور یہ کام صرف نیک اور صالح قیادت کے ذریعے انجام پا سکتا ہے۔ اس کے لئے پوری قوم کو متحد ہو کر عظیم الشان تحریک نظام مصطفی برپا کرنی ہوگی جب ہی ہم ایک عزت دار قوم کی طرح جی سکیں گے۔