اسلام آباد (جیوڈیسک) دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ کلبھوشن کے اعترافی بیان پر را کے دیگر ایجنٹوں کی گرفتاریاں بھی ہو رہی ہیں۔
دفتر خارجہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران نفیس زکریا نے کہا کہ خطےکےعوام کی بہتری کے لئے تمام ہمسایہ ممالک سےاچھےتعلقات چاہتے ہیں لیکن بھارت اپنے دفاعی بجٹ میں مسلسل اضافہ کررہا ہے، پاکستان کو ’را‘ اور دیگر ملکوں کی منفی سرگرمیوں پر بھی تشویش ہے، کلبھوشن کے اعترافی بیان پر اس کے نیٹ ورک کے لوگوں کی گرفتاریاں ہورہی ہیں تاہم کل بھوشن یادیو کے لیے بھارتی قونصلر رسائی کی درخواست پر 2008 کے معاہدے کے تحت غور کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان عسکری اور سیکیورٹی تعلقات موجود ہیں اور ایران نے اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دینے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں قانون نافذ کرنے والےادارے ملک دشمن عناصرکے خلاف کارروائی کررہے ہیں اورتمام دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے کوشاں ہیں۔ پاکستانی جے آئی ٹی نے پٹھان کوٹ واقعہ کی تحقیقات کے لئے بھارت کا دورہ کیا، ٹیم دورے کے بعد بھارت کی جانب سے دی گئی معلومات کاجائزہ لےرہی ہے تاہم اس کی تفصیلات وزارت داخلہ بتا سکتی ہے۔
سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس سے متعلق پوچھے گئے سوال پر نفیس ذکریا کا کہنا تھا کہ اس واقعے میں 48 پاکستانی شہید ہوئے تھے اور ہم یہ معاملہ بھارت کے سامنے بھی اٹھارہے ہیں ،سمجھوتہ ایکسپریس حملے کا ماسٹر مائنڈ آر ایس ایس ایجنٹ ضمانت پر ہے،بھارت نے پاکستان کو اس واقعے کی تحقیقات سے آگاہ کرنے کا یقین دلایا تاہم ہم جواب کے منتظر ہیں۔
دفترخارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان نیوکلیئرسپلائی گروپ کی رکنیت کااہل ہے کیونکہ ہم 40 سال سےزیادہ عرصےسےمحفوظ سول جوہری پروگرام چلارہے ہیں، گزشتہ دنوں واشنگٹن میں ہونے والی نیوکلیئر سمٹ پاکستان کے لیے بہت اہم تھی، اس میں پاکستان کے مضبوط نیوکلیئر کمانڈ سسٹم کا اعتراف کیا گیا۔