لاہور (جیوڈیسک) رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ کراچی کے ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی ایک ناکام گھوڑا ہی نہیں بلکہ ایک گدھا ثابت ہوئی ہے جس پر شرط لگانے والوں نے اب اپنے پیسے اٹھا کر نیا گھوڑا تیار کر لیا ہے۔
پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون پنجاب نے کہا کہ پانامہ لیکس کے حوالے سے اب بین الاقوامی سطح پر یہ بات سامنے آ چکی ہے کہ اس لیکس کو ثابت کرنے کے لیے کسی کے پاس کوئی مصدقہ ثبوت نہیں۔ حسین نواز کی بات نیک نیتی پر مبنی ہے انہوں نے کرپشن کی اور نہ ہی کوئی ٹیکس چوری کیا ہے۔
رانا ثناءاللہ نے تحریک انصاف کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ شہر قائد میں ہونے والے ضمنی الیکشن نے تحریک انصاف کی کارکردگی کا پول کھول دیا ہے۔ دو ہزار اٹھارہ الیکشن ہوں گے اور اس وقت بھی پی ٹی آئی کے لوگ ادھر ادھر بھاگ رہے ہوں گے۔
وزیر قانون پنجاب کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب میں دو اضلاع کی پولیس چوروں اور ڈاکوؤں کے خلاف رینجرز، ایلیٹ اور سی ٹی ڈی کی مدد سے آپریشن کر رہی ہے جبکہ آرمی بیک اپ پر ہے تاکہ علاقے کو کلیئر کرایا جا سکے۔