اسلام پورہ : مبینہ قاتل نہ پکڑے جانے پر پولیس نے اس کے بھائی کو گرفتار کر لیا

Police

Police

لاہور (جیوڈیسک) اسلام پورہ میں تہرے قتل کے واقعہ کے بعد پولیس نے حسب روایت مشتبہ شخص تو ہاتھ نہ آیا اس کے بڑے بھائی کو دھر لیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق لاہور کے علاقے اسلام پورہ میں بدھ کی شام تکہ شاپ کے تین ملازموں کو چھریوں کے وار کر کے قتل کر دیا گیا۔

دکان کے بیت الخلا سے چوتھا ملازم زخمی حالت میں ملا جسے فوری طور پر میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تحقیقات شروع کیں تو ایک ملازم جاوید موقعہ سے فرار ملا۔ پولیس کو شبہ ہے کہ جاوید تہرے قتل میں ملوث ہے۔

زخمی ملازم زین العابدین نے بتایا ہے کہ جاوید نے مقتولین کی آنکھوں میں مرچیں ڈالیں اور پھر چھری کے وار کرکے تینوں کو قتل کیا اور وہ جب پہنچا تو اس نے اس کو بھی قتل کرنے کی کوشش کی۔

پولیس ذرائع کے مطابق ممکن ہے واردات میں زین العابدین کا بھی ہاتھ ہو جس سے حالت بہتر ہونے پر تفتیش کی جائے گی۔