گجرات کی خبریں 07/04/2016

Gujrat

Gujrat

گجرات (جی پی آئی) پاکستان علماء و مشائخ کونسل کے صدر اور اسلامی نظریاتی کونسل کے سابق رکن صاحبزادہ سید سعید احمد شاہ گجراتی نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی طرف سے بنائی گئی تحفظ حقوق نسواں بل کی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔ صاحبزادہ سید سعید احمد شاہ گجراتی نے اس قانون کو اسلامی نظریہ کے مطابق ہم آہنگ کرنے پر زور دیا اور اس سلسلہ میں اپنی اسلامی نظریاتی کونسل کے حوالہ سے خدمات اور اپنے والد گرامی صاحبزادہ سید محمود شاہ گجراتی کی قیام پاکستان کے حوالہ سے خدمات کا ذکر کیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے صاحبزادہ سید سعید احمد شاہ گجراتی کی اسلامی نظریاتی کونسل کے حوالہ سے خدمات اور ان کے والد گرامی کی قیام پاکستان کے حوالہ سے خدمات کو سراہا اور اس قانون کو اسلام کے مطابق ہم آہنگ کرنے کی کوششوں ممد اور معاون ہونے پر بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
………………………………
………………………………

گجرات (جی پی آئی) ممتاز ثناء خوان رسول ۖ قاری غلام سرور نقشبندی نے ممتاز شخصیت چیئرمین یونین کونسل سماں چوہدری محمد افضل سماں کو فیملی سمیت عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ ہر مسلمان کو اپنے اور اپنے حبیب کے روضہ کی زیارت نصیب کرے۔
………………………………
………………………………
گجرات (جی پی آئی) دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس میں داخلوں کا سلسلہ جاری ہے لوگ اپنے بچوں کے داخلوں کیلئے رابطے کر رہے ہیں۔ نئے سیشن کے آغاز کے ساتھ ہی تعلیمی سرگرمیاں بھی شروع ہو گئی ہیں۔ ممتاز شخصیات نے دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس کے ڈائریکٹر شہزاد شفیق نقشبندی کو مبارکباد پیش کی ہے۔
………………………………
………………………………
گجرات (جی پی آئی) ممتاز کاروباری شخصیت راجہ پرویز کی صاحبزادی کی تقریب رخصتی گزشتہ روز منعقد ہوئی۔ ان کی شادی راجہ محمد عثمان کے ساتھ طے پائی۔ تقریب رخصتی میں چوہدری نسیم جوڑا’ چوہدری افتخار ملہی’ شیخ سلیم ‘ میاں محمد صفدر’ قاری کرامت علی نقشبندی ‘ راجہ محمد حسین’ راجہ محمود عمر آفتاب’ مہر عثمان عرف شاری’ مہر اکرم حسین’ مہر عامر علی’ و دیگر نے شرکت کی
………………………………
………………………………
گجرات (جی پی آئی) انسداد دہشتگردی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے انسداد دہشت گردی فورس اور سکیورٹی فورسز کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے ڈسٹرکٹ جیل میں انسداد دہشتگردی مشقوں کا انعقاد کیا گیا جس کی نگرانی ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کی۔ انسداد دہشتگردی مشقوںمیں کائونٹر ٹیررازم فورس، ایلیٹ فورس، ضلعی اور جیل پولیس ، سول ڈیفنس، ریسکیو1122کے جوانوں نے حصہ لیااور انسداد دہشت گردی کے لئے صلاحیتوں کا کامیابی سے عملی مظاہر ہ کیا۔ انسداد دہشتگردی مشقوں کے لئے ڈسٹرکٹ جیل میں دوپہر بارہ بجے ہنگامی سائرن بجائے گئے اور پولیس کنٹرول پر کال چلائی گئی جس پر انسداد دہشتگردی فورس، قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے افسران و جوان ، ریسکیو1122، سول ڈیفنس کے افسران و جوان چند منٹ میں موقع پر پہنچے اور کاونٹر ٹیررازم کاروائی کا آغاز کر دیا، اطلاع ملتے ہی ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ بھی ڈسٹرکٹ جیل پہنچ گئے جہاں سپرنٹنڈنٹ جیل منصور اکبر، ڈی ایس پی سٹی سید غلام مصطفی گیلانی ، ڈی ایس پی اظہر سعید منج، ڈی او ایمرجنسی چوہدری عزیز اور دیگر افسران نے واقعہ کے بارے میں بریفنگ دی۔ اسی دوران انسداد دہشتگردی فورس، ایلیٹ فورس کے نڈر جوانوںنے کمانڈو ایکشن کیا اور دہشگردوں کے عزائم کو ناکام بناتے ہوئے انہیں گرفتار کر لیا۔ سول ڈیفنس کے اہلکاروں اور بم ڈسپوزل سکواڈ نے ملزمان کے قبضہ سے برآمد ہونیوالا بارودی مواد ناکارہ بنا دیا جبکہ زخمیوں کی طبی امداد کے لئے ریسکیو 1122اور پولیس کی ایمبولینس موقع پر موجود تھیں، اسی طرح عزیز بھٹی شہید ہسپتال میں بھی ریڈ الرٹ تھا۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے انسداد دہشتگردی مشقوں میں شرکت کرنے اور عملی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہر ہ کرنے پر تمام محکموں کے افسران و جوانوںکو زبردست سراہا اور کہا کہ ان مشقوں کے انعقاد سے جہاں انسداد دہشتگردی کے لئے پولیس اور دیگر اداروں کے افسران و جوانوں کو صلاحیتوں کے عملی اظہار کا موقع ملا وہیں اگر کہیں کوئی خامی رہ گئی تو اس کی نشاندہی ہو سکے گی جسے فوری طور پر دور کیا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کی حکومت ، پاک افواج سمیت تمام سکیورٹی ادارے دہشتگردوں کے خلاف عملی جنگ میں مصروف عمل ہیں ان حالات میں ہمیں ہر طرح کے حالات سے نمٹنے کی مکمل تیاری اور چوکس رہ کر حکومت اور مسلح افواج کی مدد اور معاونت کرنا ہوگی۔
………………………………
………………………………
گجرات (جی پی آئی) سپورٹس جمنزیم اہل گجرات کے لئے حکومت کا تحفہ ہے، سپورٹس ڈیپارٹمنٹ یہاں کھیلوں کی مختلف سرگرمیوں کے فروغ کے لئے موثر اقدامات کرے، جمنزیم کے ممبران کی تعداد 500تک بڑھائی جائے۔ یہ ہدایات ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے سپورٹس جمنزیم اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے جاری کیں، اے ڈی سی عرفان علی کاٹھیا ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ندیم بٹ، تحصیل سپورٹس آفیسر غلام عباس، سینئر صحافی ملک شفقت اعوان،رزاق غفاری، چوہدری ظہور الہی، رانا ثاقب مشرف، ابرار سعید، افتخار شاکر و دیگر ممبران اور کلبوںکے نمائندوں نے شرکت کی۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے سپورٹس جمنزیم میںعدم دستیاب سہولیات کی فراہمی کے لئے فنڈز جاری کر دیے ہیں جبکہ کھیلوںکے آلات کی خریداری کا عمل بھی جلد مکمل ہو جائے گا۔ ڈی سی او نے ہدایت کی کہ اسٹیڈیم میں باسکٹ بال کے ساتھ دیگر ان ڈور گیمز کے لئے بھی سہولیات فراہم کی جائیں، کلب میں کوچنگ کلاسز کا آغاز کیا جائے اور خواتین کے لئے بھی اوقات مخصوص کئے جائیں۔ انہوںنے کلب ممبر شپ فیس300روپے ماہانہ سے بڑھانے کی تجویز مسترد کر دی اور کہا کہ ایسے نوجوان جو یہ فیس بھی ادا نہیں کر سکتے تحریری درخواست پر انہیں اس فیس میں سے بھی رعایت کی جائے۔ ڈی سی او نے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر کو ہدایت کی کہ تمام سکولوں اور کالجز کے سربراہان کو آگاہ کیا جائے کہ وہ دن کے اوقات میں سپورٹس جمنزیم میں کھیلوں کے مقابلوںکا انعقاد کر سکتے ہیں۔ انہوںنے اسٹیرنگ کمیٹی کے ممبران پر زور دیا کہ جمنزیم کا ایسا نظام وضع کیا جائے کہ ادارہ مالی لحاظ سے خود مختار ہو اور گجرات کے شہری حکومت پنجاب کے اس تحفہ سے بھرپور مستفید ہو سکیں۔
………………………………
………………………………
گجرات (جی پی آئی) کڈنی سنٹر کے جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لینے کے لئے ٹیکنکل کمیٹی کا اجلاس زیر صدارت ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ منعقد ہوا جس میں ای ڈی او فنانس چوہدری اصغر، مسلم لیگ ن کے راہنما چوہدر ی اظہر حسین، جاوید بٹ، چوہدری نواز ریحانیہ، آرکیٹکٹ محمود احمد، سیکرٹری ہلا ل احمر نثار الدین ساجد راٹھور،ممتاز سماجی شخصیت خادم علی خادم، بابر بھیا ، سینئر صحافی ملک شفقت اعوان نے شرکت کی۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ شہریوںکے تعاون سے اس عظیم فلاحی منصوبے کی بیسمنٹ اور گرائونڈ فلور کی تکمیل کے بعد پہلی منزل پر چھت ڈالنے کا کام تیزی سے جاری ہے جبکہ آئندہ لینٹر اپریل کے آخرمیں ڈال دی جائے گی۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ کڈنی سنٹر کے لئے ابتک اہل گجرات اور دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے مخیر حضرات نے 2کروڑ، 84لاکھ54ہزار 500روپے کے عطیات فراہم کئے ہیں جبکہ تعمیرات پر ابتک 2کروڑ، 36لاکھ، 9300روپے خرچ ہو چکے ہیںجبکہ ادارے کے پاس اس وقت 47لاکھ روپے کے وسائل موجود ہیں ۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ کڈنی سنٹر کے تمام اخراجات کی شفافیت یقینی بنانے کے لئے باقاعد ہ آڈٹ کرایا جاتاہے جبکہ تمام اخراجات کی نگرانی صدر چیمبر آف کامرس، و صدر انجمن بہبودی مریضان ممتاز صنعتکار میاں محمد اعجاز اور ڈویلپمنٹ کمیٹی کے دیگر ممبران کرتے ہیں۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے ہدایت کی کہ کڈنی سنٹر بیسمنٹ اور گرائونڈ فلور کو کمرشل مقاصد کے لئے استعمال کرنے کے لئے فوری طور پر اقدامات کئے جائیں ۔ انہوںنے کہا کہ کڈنی سنٹر رجسٹرڈ ادارہ ہے جس کے انتظامات بورڈ آف گورنرز اور مینجمنٹ کمیٹی چلائے گی جبکہ کوشش کی جارہی ہے کہ ادارے کو مالی لحاظ سے زیادہ سے زیادہ خود کفیل بنایا جا سکے۔ ڈی سی او نے ہدایت کی کہ مخیر حضرات سے اعلان کردہ عطیات کی وصولی کے لئے ان سے رابطہ کیا جائے اور شہریوں سے اپیل کی کہ کڈنی سنٹر کی بروقت تعمیر کے لئے دل کھول کر عطیات دیں۔
………………………………
………………………………
گجرات (جی پی آئی) جامعہ گجرات کا دو روزہ سالانہ سپورٹس گالا2016ء انتہائی کامیابی سے اختتام پذیر ہو گیا۔ سالانہ سپورٹس گالا جامعہ گجرات کی ہم نصابی سرگرمیوں کا ایک اہم حصہ ہے اور طلبا و طالبات میں کھیلوں سے انکی دلچسپی کے فروغ کا باعث بنتا ہے۔ سپورٹس گالا کی دو روزہ سرگرمیوں کے دوران جامعہ گجرات کے مختلف شعبہ جات کے علاوہ سٹی کیمپسوں اور بیرون شہر کیمپسوں کے طلبا و طالبات نے کھیلوں میں اپنی مہارت و قابلیت کے بہترین جوہر دکھائے۔ اس سالانہ سپورٹس گالا میں دوڑ کے مقابلے، رسہ کشی، بیڈمنٹن، کرکٹ، باسکٹ بال، ٹیبل ٹینس، اتھیلٹکیس، شطرنج وغیرہ میں طلبا و طالبات نے حصہ لیتے ہوئے بہترین کارکردگی کا مظاہر کرتے ہوئے کئی میڈل، کپ اور ٹرافیاں اپنے نام کیں۔ سپورٹس گالا کی اختتامی تقریب کا انعقاد جامعہ گجرات کی مین سپورٹس گرائونڈ میں کیا گیا تھا۔ اختتامی تقریب کے مہمانان اعزازی میں ممبر پنجاب پبلک سروس کمیشن محمد انور رشید، چیئرمین گوجرانوالہ بورڈ پروفیسر محمد اسلم، ڈین فیکلٹی برائے سائنسز ڈاکٹرمحمد فہیم ملک اور چیئرمین UOGسپورٹس بورڈ ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر شامل تھے۔ محمد انور رشید نے کہا کہ حکومت پنجاب طلبا و طالبات میں کھیلوں کے فروغ کے لیے اہم خدمات سر انجام دے رہی ہے۔ جامعہ گجرات کے طلبا و طالبات اپنی تعلیمی و علمی سرگرمیوں کی بناء پر ملک گیر شہرت حاصل کر رہے ہیں۔ کھیل طلباء کے ذہن و دماغ کو تندرست و توانا اور جسمانی طور پر انہیں چست بناتے ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس اخلاق احمد خاں نے مختلف مقابلوں میں انعامات حاصل کرنے والی ٹیموں اور طلبا و طالبات کے ناموں کا اعلان کیا جبکہ مہمانان اعزازی نے کامیاب ٹیموں اور طلبہ کو انعامات سے نوازا۔
………………………………
………………………………
گجرات (جی پی آئی) ڈسٹرکٹ چیئرمین زکوة و عشر کمیٹی گجرات چوہدری تنویر گوندل آج بروز جمعرات دن 11بجے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج دولت نگر میں بچیوں میں تعلیمی و ظائف تقسیم کریںگے جبکہ اس موقع پر محکمہ ایجو کیشن افسران سمیت علاقہ بھرسے سیاسی وسماجی شخصیات اور نو منتخب بلدیاتی نمائندے بھی تقریب میں شرکت کرینگے۔
………………………………
………………………………
گجرات (جی پی آئی) دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران مولانا محمد عمران عطاری نے کہا ہے کہ رسول کریم ۖ کی شخصیت ساری دنیا کیلئے قابل تقلید ہے ۔صحابہ کرام نے رسول اللہ ۖ کی پیروی کی تو ان کا کردار رہتی دنیا تک مثالی اور رشد وہدایت کا ذریعہ بن گیا۔رسول اللہ ۖ کی سیرت کے مطابق اپنی سیرت کا جائزہ لیں ،نبی پاک ۖ کی سیرت مبارکہ تمام انسانوں کیلئے رول ماڈل ہے ،جس کی پیروی کرکے تمام مسائل کو حل کیا جاسکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے دعوت اسلامی کے مدنی مرکز فیضان باب المدینہ کراچی میں اجتماع سے بیان کے دوران کیا ۔انہوںنے کہا کہ آج کے اس دور میںمسلمانوںکا اخلاقی کرداربہت کمزور ہوتا جارہا ہے ۔ آج کے تیز رفتار دور میں معاشرے کے افراد میں غمخوار ی اور دلجوئی کا جذبہ ماند پڑگیا ہے ۔مسلمان کی عیادت کرنا نیک کام ہے مگر بہت کم افراد مریضوں کی عیادت کرتے ہیں ،غمخواری کا جذبہ ایسا ماند پڑگیا ہے کہ والدین اور بہن بھائی کی عیادت نہیں کی جاتی،ماں باپ کی غمخواری کیجئے ان کی دعائوں سے کامیابی کا سفر بہت آسان ہوجاتا ہے ۔مسلمان ایک دوسرے کی غمخواری ضرور کریں ۔انہوںنے کہاکہکئی لوگ شکایت کرتے ہیں کہ ان کی کوئی خیریت دریافت نہیں کرتا مگر شکایت کرنے والا خود بھی کسی کی خیر ،خیریت دریافت نہیں کرتا ہوگا،لوگ معاشرتی مسائل پر تبصرے تو کرتے ہیں مگر ان کیحل میں اپنا کردار ادا نہیں کرتے ۔ انہوںنے کہا کہ مسلمان کے کردار کا موازنہ کفار کے کردار سے نہ کیا جائے۔ مسلمان کے کردار کا غیر مسلم کے کردار سے کوئی تقابل نہیں ،اسلام کی وجہ سے تمام مسلمان غیر مسلموں سے افضل ہیں ۔کفار کا جو معاشرہ لوگوںکواچھا بناکر دکھایا جارہا ہے حقیقت اس کے برعکس ہے ۔مغربی معاشرے میں مرد جوا کھیلتے شراب پیتے ہیں اور ان کے گھر کی عورتیں بازاروں کی زینت بنتی ہے وہ کماتی اور ان کے مرد کھاتے ہیں ۔بہت سے غیر مسلم ممالک ایسے ہیں جہاں ظلم وستم کئے جاتے ہیں ،جہاں عورتوں کے ساتھ ناروا سلوک عام ہے۔جہاںسب سے زیادہ عورتوں کے ساتھ ظلم وزیادتی کی جاتی ہے ،انہیں قتل کردیا جاتا ہے ۔غیرت کے نام پر عورتوں پر مظالم کی اجازت اسلام نے نہیں دی یہ سراسر غلط ہے۔