کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایدمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی لیئق احمد نے کہا ہے کہ کراچی میں کھیل کے میدانوں کو آباد اور کھیل کے تمام شعبوں کو فروغ دیکر صحت مند سرگرمیوں کو اجاگر اور نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھ کر شہر قائد کو امن کا گہوارہ بنا نے کے لئے بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنا بھر پور کردار ادا کرتی رہے گی ،کے ایم سی میں کرکٹ ،فٹ بال شوٹنگ بال ہاکی اور باکسنگ سمیت تمام شعبوں کو بحال کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی لیئق احمد نے معروف اسپورٹس آرگنائزر کراچی شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کے صدر حاجی غلام محمد خان سے اپنے دفتر میں شہر قائد میں اسپورٹس سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا ۔ایڈمنسٹریٹر کراچی لیئق احمد نے کہاکہ کے ایم سی ہر دور میں کھیل کے فروغ اور کھلاڑیوں کی خدمت کرکے ملک میں ٹیلنٹ کو سامنے لاتی رہے ہیں۔
حاجی غلام محمد خان کی جانب سے شہر کراچی میں اسپورٹس گرائونڈ پر قبضے اور کھیل کے میدانوں میں تقریبات کے انعقاد کی جانب سے توجہ مبذول کرئی اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی لیئق احمد نے کہاکہ کے ایم سی کھیل کے میدانوں میں تقریبات اور نادیدہ قوتوں کی جانب سے قبضے کی روک تھا م کے لئے موثر اقدامات کررہی ہے۔
شہر کراچی میں کے ایم سی کے زیر انتظام کسی بھی کھیل کے میداناور پارک پر تقریبات اور قبضہ کرنے والوں کے خلاف کاروائی عمل میں لانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے انہوں نے اسپورٹس حلقوں خصوصاً کھلاڑیوں سے بھی اس حوالے سے تعاون کی اپیل کی ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی نے کہا کہ کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کی جلد ازجلد تکمیل کے ساتھ کے ایم سی فٹ بال اسٹیڈیم ۔آرام باغ اور کشمیر روڈ باسکٹ بال کورٹ کی تعمیر نو کرکے اسے صحت مند سرگرمیوں کا مثالی مرکز بنایا جائیگا
ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہاکہ بہت جلد شہر کراچی کے تمام کھیل کے میدانوں اور پارکوں کا دورہ کرکے اس کا خود جائزہ لوں گا اور کھیل اور کھلاڑیوں کو درپیش مشکلات کا زالہ یقینی بنا یا جائیگا ۔بعدازاں کراچی شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کے صدر حاجی غلام محمد خان نے اعلان کیا کہ ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی لیئق احمد کے اعزاز میں شہر قائد کے اسپورٹس حلقوں اور کھلاڑیوں کی جانب سے استقبالیہ دیا جائیگا۔
اس حوالے سے انہوں نے استقبالیہ کمیٹی کا بھی اعلان کردیا جس میں محمد اسلم خان ،محمد نسیم ،محمد ارشد ،عظمت اللہ خان ،محمد اجمل ،اعجاز احمد قریشی ،شہلا معید اور عبدالرزاق شامل ہیں جو جلد ازجلد تمام ترتیاریاں مکمل کرکے استقبالیہ کے انتظامات کو حتمی شکل دے گی۔