کراچی : نثار سومرو نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی کا چارج سنبھالتے ہیں ضلع کورنگی میں صفائی وستھرائی کے نظام میں بہتری لانے کا اعلان کردیا ،انہوں نے کہاکہ ضلع کورنگی میں صاف ستھرا اور صحت مند ماحول ہماری اولین ترجیح ہے اس حوالے سے کسی بھی قسم کی غفلت اورلاپراہی کو قطعی برداشت نہیں کیا جائیگا ،ضلع کورنگی کے کسی بھی محلے یا گلی سے صفائی وستھرائی سے متعلق عوامی شکایات پر متعلقہ ذمہ دران کو فارغ کردیا جائیگا ان خیالات کا اظہار ایدمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نثار سومرو نے محکمہ ہیلتھ سروسز شاہ فیصل زون کے افسران و متعلقہ یوسی ذمہ دران کے ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ایڈمنسٹریٹر کورنگی نے صفائی وستھرائی پر مامور یوسی انسپکٹرز اور سب انسپکٹرز کو گائیڈ لائن دیتے ہوئے کہاکہ جس علاقے سے عوامی شکایات صفائی وستھرائی سے متعلق موصول ہوئی اُس علاقے کے ذمہ دران کے خلاف کاروائی کے ساتھ انہیں عہدے سے فارغ کردیا جائیگا ۔
انہوں نے محکمہ ہیلتھ سروسز کے افسران و ملازمین سے کہاکہ تندہی کے ساتھ فرائض کی انجام دہی انجام دیتے ہوئے علاقائی سطح صفائی وستھرائی کے نظام کو مزید بہتر بنا ئیں ،کچرا کنڈیوں سے کچرے کی روزانہ کی بنیادوں پر منتقلی کے ساتھ گلیوں اور محلوں میں سوئپنگ کے نظام میں بہتری لائی جائے شاہراہوں اور گلیوں کی صفائی کے بعد کناروں پر چونے کا چھڑکائو کیا جائے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نثار سومرو نے کہاکہ علاقائی سطح پر صفائی و ستھرائی کے جائزے کے لئے سرپرائز وزٹ کرکے علاقوں کا معائنہ کروں گا اگر کسی بھی علاقے میں صفائی وستھرائی کی شکایت سامنے آئی فوری ایکشن لیا جائے گا انہوں نے محکمہ ہیلتھ سروسز بلدیہ کورنگی کو ہدایت کی کہ صفائی وستھرائی کے نظام میں بہتری کے ساتھ ضلع کورنگی میں صحت مند ماحول کے قیام کے لئے گلیوں اور محلوں کی سطح پر جراثیم کش ادویات کا اسپرے بھی انجام دیا جائے ۔