اسلام آباد (جیوڈیسک) اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا ہے کہ پی ٹی وی پر قومی اسمبلی کی لائیو کوریج میں میرا کوئی عمل دخل نہیں، ہماری طرف سے پوری کوریج لائیو دکھانے کی اجازت ہوتی ہے، تاہم حکومت اپنی مرضی سے کوریج کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی وی میرا ماتحت ادارہ نہیں ہے۔ لائیو دکھانے کا فیصلہ وزارت اطلاعات خود کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز رشید کو اسمبلی کی لائیو کوریج کیلئے آلات مہیا کرنے کو کہا تھا، تاہم کونسی کوریج لائیو کرنی ہے میرے نوٹس میں نہیں لایا جاتا۔
دوسری جانب اسپیکر اسمبلی کا مؤقف سامنے آنے کے بعد وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کی ہدایت کے عین مطابق اسمبلی کی کارروائی براہ راست دکھائی جا سکتی ہے، اگر 17 سیٹوں سے کوئی وزیر اعظم بن سکتا ہے تو مجھے کوئی اعتراض نہیں ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اطلاعات سنیٹر پرویز رشید نے کہا تھا کہ پی ٹی وی پر براہ راست کوریج کا فیصلہ اسپیکر کی صوابدید ہے جس کے بعد اسپیکر کی جانب سے یہ ردعمل سامنے آیا ہے۔