انقرہ (جیوڈیسک) ترکی اور اسرائیل نے باہمی تعلقات کی بحالی پر اتفاق کیا ہے۔ ترک وزارت خارجہ کی طرف سے جمعہ کی صبح جاری بیان کے مطابق یہ اتفاق دونوں ممالک کے حکام کے درمیان برطانوی دارالحکومت لندن میں ہونے والے مذاکرات کے نتیجہ میں ہوا۔
بیان کے مطابق مذاکرات میں فریقین نے باہمی تعلقات کی بحالی کے حوالے سے معاہدے کو حتمی شکل دینے پر پیش رفت کی اور اختلافات کو جلد حل کرنے پر اتفاق کیا۔ بیان کے مطابق اس سلسلہ میں آئندہ اجلاس جلد ہوگا جس میں معاہدے کو حتمی شکل دے دی جائیگی۔
دونوں ممالک کے تعلقات 2010ءمیں فلسطینی باشندوں کے لئے ترک امدادی قافلے پر اسرائیلی کمانڈوز کے حملے کے باعث کشیدگی کا شکار ہو گئے تھے۔