بیرون ملک منتقل سرمائے کی واپسی یقینی بنائی جائے۔ این جی پی ایف

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیکسٹ جنریشن پروٹیکشن فاؤنڈیشن کے آرگنائزر و چیئرمین عمران چنگیزی اور ایم آر پی سربراہ امیر پٹی نے پانامہ لیکس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن ‘ ٹیکس چوری ‘ قومی سرمائے کی بیرون ملک منتقلی ‘ قومی اداروں کو خسارہ زدہ قرار دیکر کمیشن کی خاطر فروخت کرنا یا درپردہ اونے پونے خریدلینا پاکستانی سیاست کی پرانی روایت ہے اسلئے پانامہ لیکس عوام کیلئے انہونی بات نہیں البتہ اس میں آف شور کمپنیز کے حوالے وزیراعظم اور ان کے صاحبزادوں کا نام قوم کیلئے یقینا حیرت کا باعث ہے کیونکہ قوم شریف فیملی کو اپنے دعووں کے مطاق محب وطن اور عوام دوست ہی سمجھتی ہے مگر پانامہ لیکس نے قوم کے اس گمان کو ہی باطل نہیں کیا بلکہ ایسا سیاسی بھونچال بھی پیدا کیا ہے جو ملک وقوم کے معاشی و اقتصادی مستقبل کیلئے کسی طور سودمند نہیں ہے۔

اسلئے قومی سرمایہ بیرون ملک منتقل کرنے والوں کے احتسا ب پر زور کی بجائے اس کی وطن واپسی کے اقدامات زیادہ بہتر ثابت ہوسکتے ہیں جس کیلئے پارلیمنٹ کے ذریعے ایسا آئینی پیکج تیار کرنا ناگزیر ہے جو ایک مخصوص مدت کے اندر سرمایہ وطن واپس لانے والوں کو ہر قسم کے احتسا ب’ سرمائے کی ضبطگی اور واپس لائے گئے سرمائے پر ٹیکس کے نفاذ سے چھوٹ دے تاکہ بیرون ملک منتقل سرمائے کی واپسی سے ملک میں سرمایہ کاری سے قومی پیداوار میں اضافہ سے مہنگائی کابھی زور ٹوٹے اور عوام کیلئے روزگار کے مواقع بھی بڑھیں اور عوام کی معاشی خوشحالی و قومی ترقی کے امکانات روشن ہو سکیں۔