ٹیکسلا (ڈاکٹر سید صابر علی) پنجابی پختون اتحاد کے چئیرمین حاجی قدیم خان نے کہا ہے کہ افواج پاکستان ملک کی بقا اور سلامتی کی جنگ لڑ رہی ہیں، پوری قوم انکی پشت پر کھڑی ہے ،ہمیں چاہئے کہ ہم اپنے تمام سیاسی، مذہبی و گروہی اختلافات کو بھلا کر وطن عزیز کی سلامتی کے لئے اپنا کردار ادا کریں اور اپنی صفوں میں موجود دوست نما دشمنوں کی پہچان کریں۔
تاکہ ملک دشمن عناصر اور دین دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا جا سکے ،ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے آفس میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا اس موقع پر تنظیم کے مشیر اعلیٰ حاجی فردوس خان، حاجی لہراسب خان امین خان بھی موجود تھے۔
حاجی قدیم خان نے کہا کہ جتنی ملک کو محبت اخوت اور یگانگت کی اس وقت ضرورت ہے شاید اس سے پہلے نہ تھی، دشمن کو ہمارا نیو کلئیر پروگرام کھٹک رہا ہے اور آئے دن بازاروں پارکوں ،مساجد اور امام بارگاہوں، سکولوں میں دہشت گردی کے جو واقعات ہو رہے ہیں وہ سب دشمن کی چالیں اور قوم کو کمزور کرنے کی ناکام کوشش ہے۔
مگر ہم ہمت نہیں ہاریں گے اور دشمن کو منہ توڑ جواب دینگے، دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے اب وہ آخری ہچکیاں لے رہے ہیں۔ دہشتگردی کی جنگ میں پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔