واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا کا کہنا ہے وزیر اعظم نواز شریف پر پاناما لیکس کے الزامات پر کسی بھی اقدام کا فیصلہ پاکستانی عوام کو کرنا ہے، جان کربی کہتے ہیں پاکستان کو تمام جنگجو گروپوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کرنی چاہئے۔
واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے روز مرہ کی پریس بریفنگ کےدوران کہا کہ پاناما پیپرز میں بدعنوانی کے الزام پر نواز شریف سے استعفے کا مطالبہ کرنا یا نہ کرنا پاکستانی عوام کا حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ جان کیری دنیا بھر میں بدعنوانی سے انتہا پسندی کے فروغ اور معاشی عدم استحکام کے خطرے پر بات کر چکے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ترجمان جان کربی نے کہا پاکستانی حکومت کو حقانی، القاعدہ اور لشکر طیبہ سمیت تمام جنگجو گروپوں کے خلاف کارروائی کرنی چاہیئے۔
انہوں نے کہا پاکستانی حکومت متعدد بار کہہ چکی ہے کہ وہ تمام شدت پسند گروہوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کرے گی۔