اسلام آباد (جیوڈیسک) کچے کے علاقے میں چھوٹو گینگ کیخلاف آپریشن ضرب آہن میں پاک فوج نے چارج حاصل کرتے ہوئے علاقے میں پوزیشنز سنبھال لی ہیں۔
پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے کچے کے علاقے میں جاری آپریشن ضرب آہن کا چارج حاصل کر لیا ہے۔
آرمی کے دستوں نے علاقے میں پوزیشنز سنبھال لی ہیں، علاقے کا مکمل محاصرہ کر لیا گیا ہے، ڈاکوؤں کو بھاگنے نہیں دیا جائے گا۔
اس آپریشن میں مطلوبہ تمام وسائل فراہم کیے جائیں گے ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پولیس اور رینجرز اہلکار آپریشن میں پاک فوج کے ماتحت حصہ لے رہے ہیں۔
کچے کے تمام داخلی اور خارجی راستے سیل کر دیئے گئے ہیں، آپریشن میں گن شپ ہیلی کاپٹر بھی استعمال کیے جائیں گے۔
چھوٹو گینگ کے خلاف آپریشن میں فضائی اور زمینی کارروائی کی جائے گی۔ فوجی جوانوں کو گن شپ ہیلی کاپٹروں کی مدد بھی حاصل ہے۔ علاقے میں کرفیو نافذ ہے اور کچے کے داخلی اور خارجی راستے سیل کر دیئے گئے ہیں تا کہ کوئی ڈاکو نکلنے نہ پائے۔
فوجی جوانوں نے ستائیس پولیس چوکیوں کا کنٹرول بھی سنبھال لیا ہے جبکہ تھانہ شاہوالہ کا کنٹرول رینجرز کے پاس ہے۔