ایپوہ (جیوڈیسک) آسٹریلیا نے شاندار یورپی اسٹائل کی تیز رفتار ہاکی کھیلتے ہوئے بھارتی ٹیم کو یکطرفہ مقابلے کے بعد فائنل میں 0-4 سے شکت دے کر اذلان شاہ کپ کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
آسٹریلوی ٹیم نے کھیل کے آغاز میں ہی تیز رفتار ہاکی کھیلی اور بھارتی ٹیم کے گول پوسٹ پر حملے شروع کردیئے جس پر انہیں جلد کامیابی مل گئی اور وہ بھارتی ٹیم پر برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ بھارتی ٹیم گزشتہ روز ملائیشیا کے خلاف کھیلے گئے میچ والی کارگردگی نہ دہرا سکی جب کہ آسٹریلوی ٹیم نے میچ کے اختتام تک گول کرنے کا سلسلہ جاری رکھا اور میچ 0-4 سے جیت کر اذلان شاہ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے ٹام گریگ اور میتھیو گوڈز نے گول اسکور کیے۔
آسٹریلیا کے ٹام گریگ کو مین آف دی میچ جب کہ آسٹریلیا ہی کے بلیک گورز کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا۔ اس کے علاوہ نیوزی لینڈ کے کیل پونٹئیفکس کو ٹورنا منٹ کا بہترین گول کیپر کا اعزاز دیا گیا۔ پاکستان کے محمد ارسلان قادر کو ٹاپ اسکورر کے اعزاز ملا۔ ٹورنامنٹ میں پاکستان کی ٹیم جاپان کو ہرا کو 5 ویں پوزیشن حاصل کرسکی۔