ٹیکسلا (ڈاکٹر سید صابر علی) مسلم لیگ ن ٹیکسلا کے سرگرم رہنما وموبائل ایسوسی ایشن تحصیل ٹیکسلا کے صدر شیخ احسن جاوید نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جاری ضرب عضب آپریشن ملک و قوم کی بہتری کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے،پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے ملکی معیشت مضبوط اور عوام خوشحال ہونگے۔
عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر تنقید عوام دشمنی کے مترادف ہے، موجودہ حکومت عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے انقلابی اقدامات کر رہی ہے،پانامہ لیکس پر حکومت کی جانب سے بااختیاراور غیر جانبدار کمیشن بنانے کا اعلان حکومت کا مثبت اقدام ہے،ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔
شیخ احسن جاوید کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو بلاجواز اور غیر ضروری تنقید سے اجتناب کرنا چاہئے،ملک دشمن قوتیں ملک میں انارکی پیدا کرنا چاہتی ہیں، سیاست دانوں کو سیاسی بلوغت کا مظاہرہ کرنا ہوگا،عمران خان دھرنوں کی سیاست ختم کر کے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں عوام نے دھرنوں کی سیاست کو مسترد کردیا ہے،ملک مزید بحرانوں کا متحمل نہیں ہوسکتا،عمران خان دھرنوں کا کھیل چھوڑ کر خیبر پختون خوا میں عوام کی حالت زار پر توجہ دیں۔
شیخ احسن جاوید کا کہنا تھا کہ ملک مزید بحرانوں کا متحمل نہیں ہوسکتا ، جمہوریت کی بقاء اور ملک کی خوشحالی کے لئے ضروری ہے کہ بے سروپا گفتگو سے اجتناب کی جائے ، انکا کہنا تھا کہ احتساب بلا تفریق ہونا چاہئے تاہم بلا وجہ الزام تراشی ملک کے لئے نقصان دہ ہے، جس کا فائدہ بلاشبہ ملک دشمن طاقتوں کو ہوگا۔
حکومت کی جانب سے شفاف احتساب کے لئے کمیشن کی تشکیل کی تجویز مثبت اقدام ہے ،اپوزیشن کو تنقید برائے تنقید کی بجائے اچھی اقدار کو سراہنے کا رویہ اختیار کرنا چاہئے اور جمہوریت کی بقاء کے لئے سنجیدہ اور سیاسی بالغ نظری کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔
انھوں نے وفاقی وزیر چوہدری نثار علی خان کی بے پناہ خدمات اور واہ کینٹ ٹیکسلا میں تعمیر و ترقی کے نئے دور کے آغاز پر انھیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری نثار علی خان نے واہ کینٹ ٹیکسلا میگا پروجیکٹس دیکر عوام دوستی کا ثبوت دیا ہے۔