جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلمنٹری زنانہ مسز کوثر نسیم رامے نے کہا ہے کہ محکمانہ پالیسی ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر نادر چٹھہ اور ای ڈی او ایجوکیشن کی ہدایات کی روشنی میں ضلع کے مختلف دیہی علاقوں کے 7 پرائمری سکولوں میں سولر سسٹم نصب کرکے بجلی کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے جبکہ دیگر 9 سکولوں میں سولر سسٹم کی تنصیب کاکام تیزی سے جاری ہے۔
گزشتہ روز خصوصی بریفنگ کے دوران ڈی او کوثر نسیم نے بتایا کہ ضلع کے16بوائز و گرلزپرائمری سکولوں میں بجلی کی عدم دستیابی پر سروے کیا گیا جہا ں فیسکو (واپڈا)کی لائنیں موجود نہ ہونے اور بجلی کی تنصیب کے اضافی اخراجات سے بچنے کیلئے مختلف 16سکولوں کے نان سیلری بجٹ سے25ہزار روپے فی سولر سسٹم کی تنصیب کی منظوری دی گئی ہے جس کے تحت گورنمنٹ بوائز پرائمری سکولز چک حمزہ ،چک نمبر485 ولی شاہ، چک نمبر269/2، گورنمنٹ گرلز پرائمری سکولز چک دولت خان،شاہ جلہ بخاری ،بہر والی اور جنگل کٹورا میں سولر سسٹم کی تنصیب کا کام مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ دیگر میں تنصیب کا کام آخری مراحل میں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول چک نمبر250/2اور جام غلام عباس کے سکولوں میں فیسکو(واپڈا) کے ذریعے بجلی کی فراہمی کاکامکمل کیا گیا ہے۔ ڈی او ایلمنٹری ایجوکیشن زنانہ نے کہا ہے کہ ضلع کی چاروں تحصیلوں کی ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران(خواتین)، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر(خواتین)اور سکولوں کے مردو خواتین سربراہان کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ مذکورہ سولر سسٹم کی دیکھ بھال اور حفاظت کو یقینی بنائیں ۔ انہوںنے مزید بتایا سکول کونسل اور نان سیلری بجٹ سے سکولوں کی صفائی ستھرائی اور فوری نوعیت کی ضروریات کو پورا کرکے بچوں اور والدین کو سکولوں میں داخلہ کے حوالہ سے بھرپور طریقے سے متوجہ کیا جا رہا ہے اور متعدد سکولوں میں نئے داخلوں کا ہدف پورا کر لیا گیا ہے۔جبکہ اس ضمن میں کام تیز رفتاری سے جاری ہے کیونکہ نئے داخلوں کے حوالہ سے این سی ایچ ڈی سمیت دیگر اداروں اور منتخب عوامی نمائندگان سے مددا ور معاونت بھی حاصل کی جا رہی ہے۔