کراچی (جیوڈیسک) نیب عدالت کراچی نے چائنہ کٹنگ کیس کے مفرور ملزم ایم احسن اور چنوں ماموں سمیت 7 ملزموں کے ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔
نیب عدالت کراچی میں گلستان جوہر میں 20 سے زائد پلاٹوں کی چائنہ کٹنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے مفرور ملزم ایم احسن اور چنوں ماموں سمیت 7 ملزموں کی ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔
مفرور ملزمان میں ڈپٹی ڈائریکٹر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی فیاض احمد علوی، عبدالواسع خان، مختار حسین، ایڈیشنل ڈائریکٹر ایم ناصر اور آصف لانیا شامل ہیں۔ مقدمے میں ملوث سابق سیکرٹری ممتاز الحق، اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے ڈی اے احسان الحق سمیت 9 افسران ضمانت پر ہیں۔
جبکہ ڈائریکٹر کے ڈی اے عبدالقوی خان، فیصل مسرور، انجم جمیل سمیت چار ملزمان گرفتار ہیں ۔ ملزمان نے گلستان جوہر میں 20 سے زائد پلاٹس کی چائنہ کٹنگ کی تھی جس سے ملکی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔