کراچی (جیوڈیسک) اورنگی ٹاؤن میں پولیو ویکسین کی ڈیوٹی پر معمورسات پولیس اہلکار نامعلوم موٹر سائیکل سوار افراد کی فائرنگ سے شہید ہوگئے.واقعہ پاکستان بازار تھانہ کی حدود میں پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک بار پھر پولیس اہلکار دہشت گردی کا شکار ہوگئے، اورنگی ٹاؤن کے علاقے بنگلہ بازار میں انسداد پولیو مہم کے دوران پولیو ویکسین پلانے والی ٹیموں کی ڈیوٹی پر معمورپولیس اہلکاروں کو نامعلوم مسلح افراد نے اپنی فائرنگ کا نشانہ بنایا، جنہیں طبی امداد کیلئے عباسی اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ انہوں نے راستے میں ہی دم توڑ دیا.
واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اورعلاقہ کو گھیرے میں لے لیا، سانحہ کے بعد پولیو مہم روک دی گئی۔ مذکو رہ پولیس اہلکار دو ٹیموں کے ساتھ تھے، پہلی ٹیم میں تین جبکہ دوسری ٹیم کے ساتھ چار اہلکار سیکورٹی فراہم کررہے تھے۔ دہشت گردوں کی جانب سے دو حملے کئے گئے۔ تمام پولیس اہلکاروں کے سروں پر گولیاں ماری گئیں ہیں، تاہم واقعے میں پولیو ورکرزمحفوظ رہے۔
ڈی آئی جی ویسٹ فیروز شاہ کے مطابق نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے پہلے پولیس موبائل وین پر حملہ کر کے4 بعد ازاں تھوڑا آگے موجود ڈیوٹی پر موجود تین اہلکاروں کو شہید کیا گیا۔دونوں واقعات چند منٹوں کی دوری پر پیش آئے یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی اورنگی ٹاﺅن ہی میں پولیس اہلکاروں کو پولیو مہم کے دوران فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا تھا۔