کراچی (جیوڈیسک) ڈائریکٹر جنرل رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر کا کہنا ہے کہ پولیس پر حملہ کرنے والے اور کروانے والے نہیں بچ سکیں گے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے اورنگی ٹاؤن میں پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنائے جانے والے مقام کا دورہ کیا جہاں جائے وقوعہ کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس کے بہادر جوانوں نے پولیو ورکز کو تحفظ فراہم کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، حملہ آوروں اور حملہ کروانے والوں کو ضرور پکڑیں گے اورانہیں عدالتیں ضرور سزائیں دیں گی۔
ڈی جی رینجرز سندھ نے عوام سے اپیل کی کہ اگرانہیں حملے سے متعلق جو بھی معلومات ہیں اس حوالے سے رینجرز اور پولیس کوآگاہ کیا جائے، ہم سب کو مضبوط رہنا ہے اور کسی قسم کا خوف اور دہشت کا شکار نہیں ہونا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور رینجرز کی ٹیمیں واقعے کی مشترکہ طور پرتحقیقات کریں گی جب کہ حملے سے متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہے تاہم تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔