نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مرکزی حکومت نے سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کے قاتلوں کی رہائی کے معاملے پر میڈیا میں آ رہی خبروں کو آج مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وزارت قانون سزا کی معافی کی درخواست پر غور کر رہی ہے اور عرضی ابھی خارج نہیں کی گئی ہے۔
مرکزی حکومت کا یہ موقف تین مارچ کو لوک سبھا میں دیئے گئے مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے بیان سے الگ نہیں ہے۔ مسٹر سنگھ نے کہا تھا کہ قاتلوں کی رہائی کے سلسلے میں تمل ناڈو حکومت کی تجویز پر مرکزی حکومت غور کر رہی ہے اور حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کرے گی۔ وزارت داخلہ کے ایک افسر کے مطابق تمل ناڈو حکومت کی سزا معافی کی عرضی خارج کرنے کی رپورٹ درست نہیں ہے۔ یہ معاملہ وزارت قانون میں زیر غور ہے لیکن یہ درست ہے کہ تمل ناڈو کے چیف سکریٹری نے اس سلسلے میں ہمیں ایک خط بھیجا ہے۔